قومی اداروں کو للکارنے والے لندن میں نہتے پاکستانیوں کا سامنا کریں: فیاض وڑائچ
شریف خاندان پاکستان کے اندر باہر عبرت کا نشان بن چکا، لوٹی دولت واپس کر دے
پاکستان کے عوام بیرون ملک پاکستانیوں کی طرح قومی حمیت کا مظاہرہ کریں، صدر جنوبی پنجاب
لاہور (9 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چودھری فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ شریف خاندان پاکستان کے اندر اور باہر عبرت کا نشان بن چکا، قومی اداروں کو للکارنے والے لندن میں نہتے پاکستانیوں کا سامنا کریں، پاکستان کے عوام بھی بیرون ملک پاکستانیوں کی طرح قومی حمیت کا مظاہرہ کریں اور چوروں، ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے احتساب اور انصاف کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں، قانون کی نظر میں ڈاکوؤں کے سہولت کار بھی ڈاکو ہوتے ہیں، دیکھتے ہیں حب الوطنی کا دعویٰ کرنے والے باقی ماندہ لیگی امیدوار کب تک پاکستان اور اس کے عوام کے مفادات سے کھیلنے والے اس خاندان کی بیساکھی بنتے ہیں، پاکستان میں فوج، عدلیہ، سیاسی جماعتوں اور ایڈمنسٹریٹو اداروں کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانے اور انہیں تہ و بالا کرنے کی مذموم دھمکیاں دینے والے شریف خاندان کیلئے افراد لندن میں گھر سے باہر نکلنا ناممکن ہو گیا، یہ اللہ کی گرفت ہے کہ وہ دولت جو انہوں نے غریب کا خون نچوڑ کر جمع کی تھی آج وہی دولت ان کیلئے ذلت کا سامان بن چکی ہے۔
وہ پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آباد محنت کرنے والے پاکستانی شہری شریف خاندان کے ٹھاٹھ باٹھ، مغل خاندان جیسا رہن سہن دیکھ کر پیچ و تاب کھارہے ہیں، انہیں شریف خاندان کی اس خوشحالی میں اپنی خواہشات کا خون نظر آتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ لندن میں مہنگی جائیدادیں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بنائی گئیں اور احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد انہیں اس بات کا مکمل یقین ہوگیا ہے کہ شریف خاندان جدی پشتی ڈاکو ہے، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی وہاں کے آزاد سیاسی جمہوری ماحول کی وجہ سے ذہنی طور پر بھی آزاد ہیں، اسی لیے وہ کھل کر اپنا ردعمل دے رہے ہیں جبکہ پاکستان کے عوام کو ان سیاسی لٹیروں نے پولیس، تھانہ، کچہری، رشوت خوری، دھن، دھونس، مہنگائی، بیروزگاری جسے ہتھکنڈوں کے ذریعے ذہنی طور پر غلام بنا رکھا ہے، اسی لیے لوگ بند کمروں میں تو کڑھتے ہیں لیکن نقصان کے خوف کی وجہ سے اپنے دل کی بات زبان پر نہیں لاتے، وہ سمجھتے ہیں کہ اگر کرپٹ اشرافیہ کیخلاف زبان کھولی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے حشر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات بدل رہے ہیں، پاکستان کے عوام بھی اپنی سوچ کو بدلیں، چور، لٹیرے، راہبر اور راہزن میں فرق کریں، شریف برادران نے کسی اور کا نہیں پاکستان کے عوام کا پیسہ لوٹا ہے اور اب ہر پاکستانی کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ لٹیروں سے لوٹی گئی پائی پائی برآمد کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اشرافیہ کے معاشی جرائم کے حوالے سے جتنے حقائق بھی بیان کیے تھے آج ان کے حوالے سے دنیا بھرسے گواہیاں آرہی ہیں۔
تبصرہ