مجرم کے نام پر سیاسی جماعت کی رجسٹریشن، الیکشن کمیشن فیصلہ 11 جولائی کو سنائے گا
نواز شریف مجرم ہیں، انکے نام پرنواز لیگ کیسے رجسٹرڈ ہے، خرم نواز گنڈاپور کی الیکشن کمیشن میں درخواست
بھارت میں پرائیویٹ افراد سے یورینیم کی برآمدگی کی اقوام متحدہ تحقیقات کروائے، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (9 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کررکھی ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا اور اب انہیں احتساب عدالت نے باقاعدہ مجرم قرار دے کر سزا سنا دی، کیا ایک مجرم کے نام پر سیاسی جماعت الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ رہ سکتی ہے؟ وہ الیکشن کمیشن میں ابرار رضا ایڈووکیٹ، نیاز انقلابی ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے اور آرگومنٹ دئیے، الیکشن کمیشن نے نواز شریف کو طلب کر رکھا تھا جس پر ان کے وکیل نے بتایا ان تک یہ نوٹس نہیں پہنچا، الیکشن کمیشن نے فیصلے کیلئے 11 جولائی کی تاریخ دی ہے، 11 جولائی کو نواز لیگ کی طرف سے آرگومنٹ بھی سنے جائینگے۔
دریں اثناء عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور نے انڈیا کلکتہ میں ایک پرائیویٹ شخص سے یورینیم کی برآمدگی کی میڈیا رپورٹس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوں لگ رہا ہے جیسے بھارت میں پرائیویٹ سیکٹر یورینیم افزودہ کررہا ہے، اقوام متحدہ اور اٹامک انرجی کے عالمی ادارے اس کی تحقیقات کریں، یورینیم کی برآمدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے پیشتر بھی بھارتی ادارے یورینیم کی بھاری مقدار پکڑ چکے ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس حساس ترین مواد کی برآمدگی پر امریکہ، یورپ سمیت سلامتی کونسل کے ممبران کی خاموشی پر حیرت ہے، یورینیم بڑے پیمانے پر انسانی تباہی کا مواد ہے، انہی الزام کے تحت امریکہ نے عراق پر حملہ کیا، ایران کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، شمالی کوریا، پاکستان کو بھی اسی ضمن میں بڑے ملک آنکھیں دکھاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورینیم پرائیویٹ افراد کے ہاتھ تک کیسے پہنچا، کہاں سے تیار ہوا، اس کی پوری ٹریل جاننا ازحد ضروری ہے اور عالمی ادارے اس کا فی الفور نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ بھارت میں یورینیم کی برآمدگی سے پاکستان کسی طور لاتعلق نہیں رہ سکتا، یہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے بھی استعمال ہو سکتا تھا یا پاکستان کو بدنام کرنے کی کسی سازش کا حصہ بھی ہو سکتا ہے، کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف بھی اس کا استعمال خارج از امکان نہیں اور ہم نہیں سمجھتے کہ را اور بھارتی حکومت اس حوالے سے لاعلم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور اس کی انکوائری رپورٹ پبلک ہونی چاہیے اور بھارتی حکومت سے اس ضمن میں بازپرس ہونی چاہیے، بھارت میں یورینیم اس طرح برآمد ہورہا ہے جیسے کوئی عام درجے کی منشیات ہوتی ہے۔
تبصرہ