ن لیگ کا اصل منشور ملک لوٹنا اور اداروں کیخلاف دشمن ملک کی بولی بولنا ہے
شہباز شریف کو منشور دینے کی بجائے لوٹ مار کی منی ٹریل دینی چاہیے تھی: عوامی تحریک
بدبخت برادران نے پاکستان پر دوسروں ملکوں میں دہشتگرد بھیجنے کا الزام لگایا، ترجمان کا ردعمل
شہباز شریف نے پنجاب مقروض اور برباد کیا، اب پاکستان کو برباد کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں
شہباز حکومت کے کرپٹ منصوبوںآشیانہ، صاف پانی، سستی روٹی، میٹرو بس کی کرپشن پر گرفتاریاں ہورہی ہیں
لاہور (5 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ن لیگ کا اصل منشور ملک لوٹنا اور اداروں کیخلاف دشمن ملک کی بولی بولنا ہے، شہباز شریف منشور دینے کی بجائے منی ٹریل دیں اور بتائیں ان کے مفرور بھائی نے لندن میں اربوں روپے مالیت کے قیمتی فلیٹس کس پیسے سے خریدے؟ ترجمان نے شہباز شریف کی طرف سے منشور کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شریف خاندان کا اقتدار اور سیاست ماضی کا حصہ اور قصہ ہے۔ اب ان کی دال گلنے والی نہیں، اس خاندان کا بچہ بچہ بقیہ سیاست جیلوں میں بیٹھ کر کریگا، شہباز شریف نے ن لیگ کے منشور کی جگہ اپنے ناکام اور کرپشن کے شاہکار منصوبوں کا ذکر کیا، آشیانہ، صاف پانی پراجیکٹ، قائداعظم سولر پارک، سستی روٹی، میٹرو بس، لیپ ٹاپ، سولر لیمپ، گرین ٹریکٹر، اورنج ٹرین کے منصوبوں پرنیب انکوائریاں کررہا ہے، احد چیمہ اور فواد حسن فواد ان منصوبوں پر گرفتار ہو چکے، ان فرنٹ مینوں کی گرفتاریاں شہباز شریف کے کرپٹ ہونے کا اعلان ہیں، بہت جلد یہ فرنٹ مین اپنے آقا کی کرپشن کے ثبوت دینگے اور سلطانی گواہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مقروض اور برباد کرنے والے شہباز شریف اب پاکستان کو مزید مقروض کرنے اور برباد کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں، خدانخواستہ اس قاتل اور کرپٹ خاندان کو موقع ملا تو پھر چاروں صوبوں میں ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات برپا کرینگے، ن لیگ کا منشور کھاؤ پیو ہے، اب ان کے منشور ان کے کسی کام نہیں آئیں گے، بہت جلد شہباز شریف بھی کرپشن پر جیل جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ایک بستر پر دو دو مریض لٹائے جاتے ہیں، مریضوں کو دوائیاں لانے کیلئے پرچیاں دی جاتی ہیں، دل کے ٹیسٹوں کیلئے سال سال کی تاریخ ملتی ہے، 10 سال کے مسلسل اقتدار کے باوجود پنجاب کے سرکاری سکول بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، صوبہ کے 80 فیصد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، لاہور کی جن سڑکوں پر اربوں خرچ کیے گئے وہ چند گھنٹوں کی بارش سے بیٹھ رہی ہیں، کالجز اور سکولوں میں ہزاروں سائنس ٹیچرز کی اسامیاں آج بھی خالی پڑی ہیں، تھانے، عقوبت خانے بن چکے، پیسہ دئیے بغیر ایف آئی آر درج ہوتی ہے اور نہ اس کی نقل ملتی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اشتہاریوں، بچوں کے اغواء، کار چوری، رشوت خوری، خواتین کے خلاف سنگین جرائم، دو نمبر دوائی کی فروخت اور دو نمبر خوراک کے حوالے سے نمبر ون صوبہ ہے، کیا شہباز شریف بقیہ پاکستان کا بھی یہی حال کرنا چاہتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دیں، ن لیگ کا اصل منشور بے گناہوں کا خون بہانا، عدلیہ، فوج کے خلاف مہم چلانا، پولیس کو خاندان کی محافظ فورس بنانا، اداروں کو تباہ کرنا، پارلیمنٹ کو اپنے فائدے کیلئے قانون سازی کیلئے استعمال کرنا اور دشمن کے بیانیہ کو پروموٹ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وہی بدبخت برادران ہیں جنہوں نے پاکستان پر دوسروں ملکوں میں دہشتگرد بھیجنے کا الزام لگایا اور ختم نبوت کے قانون پر حملہ کیا اور اس ناپاک حرکت میں ملوث عناصر کو تحفظ دیا۔
تبصرہ