کراچی : سرکاری فلیٹس میں 70 سال سے مقیم خاندانوں سے انصاف کیا جائے: عوامی تحریک
فلیٹس کے معاملے میں ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے افسران نے عدالت عظمیٰ کو غلط معلومات دیں
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا عملہ عدالتی احکامات کا غلط استعمال کررہا ہے، ہزاروں خاندان غمزدہ ہیں: قاضی زاہد حسین
چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ وہ معاملہ کا ازسرنو نوٹس لیں، سیکرٹر ی جنرل خرم نوازگنڈاپور
انسانی المیہ بننے سے قبل معاملہ حل کیا جائے، عوامی تحریک متاثرین کے ساتھ ہے، بیان
لاہور (4 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ساری زندگی سرکاری محکموں میں ایمانداری کے ساتھ ریاست کی خدمت کرنے والے اورپاکستان کیلئے ہجرت کرنے والے مرحومین کی بیوگان اور ان کے بچوں سے وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سرکاری فلیٹس خالی کروانے کے حوالے سے ناانصافی پر مبنی اقدامات کاچیف جسٹس سپریم کورٹ فوری نوٹس لیں ورنہ ہزاروں خاندانوں کو محکمہ کے کرپٹ افسران اور اہلکار سڑک پر لا بٹھائیں گے، 70 سال سے ان فلیٹس میں مقیم بزرگ شہریوں، بیوگان کو قابضین قرار دے کر ان کی تذلیل نہ کی جائے اور نہ ہی انہیں متعلقہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے رحم و کرم پر چھوڑا جائے۔
عوامی تحریک کی سینئر مرکزی قیادت نے کہا کہ وفاقی حکومت کی زمینوں پر تعمیر ان فلیٹس کے بارے میں محکمہ کے کرپٹ افسروں نے عدالت عظمیٰ کو غلط معلومات فراہم کیں اور عدالتی ججمنٹ کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کرتی ہے کہ کراچی میں وفاقی حکومت کی ملکیتی زمینوں پر قائم فلیٹس خالی کروانے کا معاملہ بحران کی شکل اختیا کررہا ہے اسے انسانی المیہ بننے سے پیشتر حل کیا جائے اور اس ضمن میں ہمدردانہ اور منصفانہ لائحہ عمل طے کیا جائے، ناانصافی کا شکار مستحقین اور ناجائز قابضین میں فرق کیا جائے، انہوں نے کہا کہ 70 سال سے مقیم بزرگوں اور بیوگان سے چھت چھیننا ظلم عظیم ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری متاثرین سے بات چیت ہوئی ہے اور ہمارے سینئر عہدیدار بھی متاثرہ خاندانوں کے رابطے میں ہیں، ان کا موقف ہے کہ سرکاری افسران سپریم کورٹ کی ججمنٹ کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں اور انسان دوست ہمدرد شخصیت چیف جسٹس کے بارے میں غلط فہمی پیدا کررہے ہیں، بیوروکریٹس نے چالاکی اور عیاری کے ساتھ ناجائز قابضین کے حوالے سے چیف جسٹس کو غلط معلومات فراہم کیں، اور اب اس کی آڑ میں دیہاڑیاں لگارہے ہیں، ہماری چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ وہ متاثرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑیں اور فوری طور پر معاملہ کا ازسرنو نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سندھ اور کراچی کی تنظیمات متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں اور اس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، ہماری چیف جسٹس سپریم کورٹ سے باردگر درخواست ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں۔
تبصرہ