سابق حکمرانوں کی کرپشن کے عوامی ’’ثمرات‘‘ ظاہر ہو رہے ہیں: عوامی تحریک
سپریم کورٹ کے نوٹس کے باوجود پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے: خرم نواز گنڈا پور
اضافہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پس جائے گا، چیف جسٹس نوٹس لیں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (یکم جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف کرپشن ریفرنسز میں یقینی سزاؤں سے بچنے کے لیے بلیک میلنگ کی کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں، وہ اپنی چمڑی اور دمڑی بچانے کے لیے کسی دشمن ملک کی طرف سے پاکستان کے خلاف سلطانی گواہ بھی بن سکتے ہیں، اپنے ہی تیار کردہ نظام میں ن لیگ ماہی بے آب کی طرح تڑپ رہی ہے، سن رہے ہیں کہ بائیکاٹ کے بہانے تلاش کئے جا رہے ہیں، قوم کوصرف لوٹی گئی دولت واپس لانے سے غرض ہے، احتساب عدالت میں ایون فیلڈ کرپشن ریفرنس کی سماعت مکمل ہوچکی، فیصلے میں تاخیر پر تشویش ہے، کرپٹ ’’شریف‘‘ کو واپس لایا جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں اور کارکنان سے بات چیت کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے سپریم کورٹ کے نوٹس کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اضافہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پس جائے گا، دال، سبزی، روٹی تک مہنگی ہوگی اور مزدور کے لیے زندگی اجیرن ہو جائے گی، اس بات کا ایک بار پھر نوٹس لینے کی ضرورت ہے کہ سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں چیف جسٹس آف پاکستان پر ہیں انہوں نے یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ قوم کو بتائیں گے کہ پٹرول کی مد میں حاصل کیا جانے والا ظالمانہ ٹیکس کہاں خرچ ہوتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل کے مہنگے ہونے سے صرف عام آدمی کو فرق پڑتا ہے، نگران بھی خداکا خوف کریں، ریلیف کے منتظر عوام پرآئے روز مہنگائی کے بم مت گرائیں، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ابھی اداروں میں سابق کرپٹ اشرافیہ کے منظور نظر بیوروکریٹس بیٹھے ہوئے ہیں، نگران وزیراعظم آنکھیں بند کر کے سمریوں پر دستخط مت کریں ورنہ یہ چالاک بیوروکریٹس انہیں کسی بڑی مصیبت سے دوچار کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بار بار پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا ایک مقصد سابق کرپٹ حکمرانوں کو انتخابی مہم کا جواز فراہم کرنا بھی ہوسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور نگران حکومت کو اضافے سے روکا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور بیڈ گورننس کے’’ثمرات‘‘ ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، شریف دور کی معاشی بربریت کے منفی اثرات تادیر پاکستان کے غریب عوام پر مسلط رہیں گے۔
تبصرہ