مقبوضہ کشمیر میں نوجوان کی شہادت کے واقعات میں اضافہ پر تشویش ہے: عوامی تحریک
معصوم شہریوں کو شناخت پریڈ اور تلاشی کے دوران شہید کیا جاتا ہے: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
بھارتی افواج پیلٹ گن، زہریلی گیس شیلنگ کا استعمال کر کے عالمی قوانین پامال کر رہی ہے
کشمیری عوام کی جدوجہد تسلیم شدہ استصواب رائے کے حق کیلئے ہے، بھارت تشدد بند کرے: نور اللہ صدیقی
لاہور (30 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت کے واقعات میں اضافہ پر گہری تشویش ہے۔ معصوم شہریوں کو شناخت پریڈ اور تلاشی کے دوران شہید کیا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی بد ترین پامالی اور غیر انسانی رویہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم انتہا کو پہنچ چکا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی افواج پیلٹ گن، زہریلی گیس شیلنگ کا بے تحاشا استعمال کر کے عالمی قوانین پامال کر رہی ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے تشدد کے خلاف کشمیری عوام اقوام متحدہ کے دفاتر میں ہزاروں یادداشتیں پیش کر چکے ہیں مگر اسکا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا استصواب رائے کے حق کا مطالبہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ اس حوالے سے کشمیری عوام کو پر امن جدوجہد سے روکنا غیر قانونی ہے۔ خطہ کے پائیدار امن اور عالمی قوانین کے احترام میں جلد یا بدیر بھارت کو کشمیری عوام کے جذبہ حریت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری کشمیری عوام کے ساتھ ہونے والی بربریت بند کروائے، انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مضروب اور شہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبہ حق آزادی کو پورا کرنے کے اسباب پیدا فرمائے۔
تبصرہ