شریفوں نے ’’با جماعت‘‘ لوٹ مار کی، پائی پائی وصول کی جائے: فیاض وڑائچ
کمپنیز مالیاتی سکینڈل میں شہباز شریف کو گرفتار کیا جائے، صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب
دانیال کی نااہلی مکافات عمل، شاہد خاقان قائد کے نقش قدم پر چلتے نااہل ہوئے، بشارت جسپال
دیگر جماعتوں کے سیاستدان شریف برادران اور حواریوں کے انجام سے سبق سیکھیں
لاہور (28 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ اشرافیہ نے ’’باجماعت‘‘ ملک لوٹا ان سے پائی پائی وصول کی جائے، کمپنی سکینڈل شہباز شریف کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کارپوریشنز اور خصوصی منصوبہ جات میں سیاسی تقرریوں کو بین ہونا چاہیے۔ متعلقہ شعبہ کی مہارت اور قابلیت رکھنے والے افراد کو بطور ایم ڈی یا ڈائریکٹر تعینات کیے جانے کے متعلق قانون سازی ہونی چاہیے، کرپٹ، بے ایمان اور نااہل سیاستدان وزیراعظم، وزیراعلیٰ بن کر اپنے اختیارات اور حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے نالائق حواریوں اور فرنٹ مینوں کو اہم منصوبوں میں تعینات کرتے ہیں اور پھر منصوبے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کا بیڑا غرق بھی کرتے ہیں، صاف پانی کمپنی، 56 پرائیویٹ کمپنیوں، قائداعظم سولر پراجیکٹ، پی آئی اے، سٹیل ملز کا حال پوری قوم اور سپریم کورٹ کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی مالیاتی سکینڈل میں شہباز شریف کوجیل میں ہونا چاہیے اور انہیں نیب میں پیش کرنے کیلئے پولیس کی مدد لی جائے کرپٹ اشرافیہ احتساب سے بچنے کیلئے ناجائز طریقے اختیار کرکے اقتدار میں آتی ہے اور پھر ملک لوٹنے کے نئے منصوبے بناتی ہے۔ یہ نظام چوروں، ڈاکوؤں کو تحفظ د یتا ہے اسی لیے ڈاکٹر طاہرالقادری اس نظام کے سب سے بڑے ناقد ہیں، انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں سیاسی تقرریاں بند کروانے کیلئے قانون سازی ہونی چاہیے۔
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ دانیال عزیز کی نااہلی مکافات عمل ہے، دانیال عزیز نے چند دن کی وزارت کیلئے نااہل نواز شریف کو خوش کرنے کیلئے توہین عدالت نہیں بلکہ باقاعدہ طوفان بدتمیزی برپا کیا اور خوشامدی پن کی وجہ سے اپنے انجام سے دو چار ہو گئے، دیگر سیاستدان شریف برادران اور حواریوں کے انجام سے سبق سیکھیں۔
تبصرہ