کالا باغ ڈیم سستی بجلی، زراعت کی بحالی، کسان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے: عوامی تحریک
منصوبہ کے ثمرات سے چاروں صوبوں کے کسان، عوام اور صنعتکار مستفید ہوں گے
حیرت ہے ٹیکنیکل افراد منصوبہ کے حامی اور سیاسی ذہن رکھنے والے مخالفت کررہے ہیں
قومی اتفاق رائے کی برکت سے پاکستان تمام بحرانوں سے عہدہ برآں ہو سکتا ہے: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (27 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سستی بجلی کی فراہمی، زراعت کی بحالی، کسان کی خوشحالی کا منصوبہ ہے، منصوبہ کے ثمرات سے چاروں صوبوں کے کسان، عوام اور صنعتکار مستفید ہوں گے، قومی اتفاق رائے کی برکت سے پاکستان تمام بحرانوں سے عہدہ برآں ہو سکتا ہے، حیرت ہے ٹیکنیکل افراد کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حق میں ہیں اور سیاسی ذہن رکھنے والے اس کی مخالفت کررہے ہیں، 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باوجود کچھ سیاستدانوں کو غریب عوام پر رحم بھی نہیں آرہا، کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے دشمنوں کو آبی ماہرین کے سامنے بٹھایاجائے اور ٹی وی چینلز پر اس قومی ایشو پر مباحثہ کروایا جائے تاکہ عام آدمی کو پتہ چلے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے؟ اور پاکستان کی ترقی کا یہ ضامن منصوبہ تنقید کی زد پر کیوں ہے؟
وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل پانی اور توانائی سے جڑا ہوا ہے، گزشتہ 10 سال میں بھارت نے ہر دن پاکستان کا پانی چوری کیا، غیر قانونی ڈیمز بنائے جبکہ نااہل، سازشی اور غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں نے نہ صرف اس قومی مسئلہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی بلکہ پانی کو بے دردی سے ضائع کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کی زراعت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہوئی اور تھر اور چولستان ہمارے دروازوں تک آ پہنچے۔ ، انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سمیت آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے ایمرجنسی نافذ کی جائے اور آبی ذخائر کی تعمیر کے دشمنوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو داعش اور طالبان کے دہشتگردوں کے ساتھ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا دہشتگردی کی جنگ میں 15 سال میں 70 ہزار سے زائد شہری جانوں سے گئے جبکہ ہر سال لاکھوں بچے خوراک کی کمی کی وجہ سے مررہے ہیں، خوراک کی کمی کی بڑی وجہ زراعت کا سکڑنا ہے، پانی نہ ہونے کی وجہ سے قومی پیداوار میں کمی واقع ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ اقتدار کی سیاست کرنے والے نام نہاد قومی لیڈروں نے پاکستان کو بنجر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، کالا باغ ڈیم سمیت آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے قومی کردار ادا کرنے پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کی لوٹ مار، ذاتی مفاد کے تحفظ اور احتساب سے بچنے کیلئے چاروں صوبوں کے روایتی سیاستدان سر جوڑ کر بیٹھ سکتے ہیں تو ایسے منصوبے کیلئے کیوں نہیں بیٹھتے جس کا تعلق آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل سے ہے؟انہوں نے کہا کہ سیاستدان کالا باغ ڈیم سمیت آبی ذخائر کی تعمیر پر متفق ہو کر قوم کو خوشخبری دیں۔
تبصرہ