جو شخص نواز لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا اس کے نام پر جماعت کیسے چل سکتی ہے؟ خرم نواز گنڈاپور
الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نواز لیگ کی رجسٹریشن
ختم کرے، میڈیا سے گفتگو
نواز شریف نے پارٹی صدر بننے کیلئے جو ترمیم کروائی، سپریم کورٹ نے اسے بھی کالعدم
قرار دیا
اسلام آباد (27 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ جو شخص نواز لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا اس کے نام پر جماعت کیسے چل سکتی ہے؟الیکشن کمیشن نااہل نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ نواز لیگ کو کالعدم قرار دے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے رٹ پٹیشن دائرکی ہے کہ نوازلیگ کی نواز شریف کے نام پر رجسٹریشن غیر قانونی اور یہ سپریم کورٹ کے پانامہ فیصلے کی صریحاً خلاف ورزی ہے، فیصلہ آنے کے بعد پارٹی صدر بننے کیلئے پارلیمنٹ میں جو ترمیم کی گئی تھی اسے بھی سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے کر نواز شریف کو صدارت سے ہٹا دیا اور ان کی نااہلی کو برقرار رکھا، جب تک یہ فیصلہ موجود ہے وہ نہ تو الیکشن لڑ سکتے ہیں اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم پر سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور دیگر عہدیدارنواز لیگ کے نام کو استعمال کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج ہم الیکشن کمیشن آئے تھے اور اپنے آرگومنٹ کیے ہیں جبکہ نواز لیگ کی طرف سے نہ تو کوئی ان کا نمائندہ آیا اور نہ ہی کوئی وکیل آیا، ہم سمجھتے ہیں یہ ایک اہم قانونی معاملہ ہے، نواز لیگ کی رجسٹریشن ختم ہونی چاہیے اور ہم اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں، اس موقع پر عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنما اعجاز منیر و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تبصرہ