موجودہ فرسودہ نظام میں راہزنوں اور راہبروں کے درمیان تمیز ختم ہو چکی: ڈاکٹر طاہرالقادری
وکلاء برادری سے مل کر فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد میں تیزی لائینگے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک
کرپٹ سیاسی ایلیٹ اور منہ زور بیوروکریسی سے نجات کیلئے محب وطن عوام وکلاء کا موثر سیاسی، قانونی کردار چاہتے ہیں
چیف جسٹس نے اڑھائی ماہ قبل کہا تھا ماڈل ٹاؤن کیس کی ہائیکورٹ میں دائر اپیلیں 15 دن میں نمٹائی جائیں
سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ’’پام‘‘کے نامزد عہدیداروں کے پہلے اجلاس سے خطاب
لاہور (22 جون 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ (PALM) کی نئی تنظیم کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کی وکلاء برادری سے مل کر انتخابی اصلاحات اور فرسودہ نظام سے نجات کیلئے جدوجہد میں تیزی لائیں گے، عوامی تحریک دھاندلی زدہ انتخابی نظام کی تبدیلی کی واحد آواز ہے اور اس کی اس ضمن میں طویل جدوجہد ریکارڈ پر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کی نئی تنظیم کے عہدیداروں کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور، فیاض وڑائچ، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، خان عبد القیوم خان ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، شکیل ممکا، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کی بحالی، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اورآلہ کار شاطر بیوروکریٹس، کرپٹ سیاسی ایلیٹ کو نکیل ڈالنے کیلئے محب وطن، باشعور عوام وکلاء کا موثر سیاسی، قانونی کردار چاہتے ہیں، ایماندار بیوروکریٹس اور سیاستدان انقلابی انتخابی اصلاحات اور ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے وکلاء کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان ایک وکیل نے بنایا اب اسے وکیل ہی بچائیں گے، جن کرپٹ عناصر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا وہ راہزن گن پوائنٹ اور لوٹ مار کی دولت کے بل بوتے پر راہبر بنے ہوئے ہیں، موجودہ فرسودہ نظام میں راہزنوں اور راہبروں کے درمیان تمیز ختم ہو چکی۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ماڈل ٹاؤل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ سے اڑھائی ماہ قبل وعدہ کیا تھا کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی اور انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں جتنی بھی اپیلیں زیر سماعت ہیں وہ پندرہ دن کے اندر نمٹائی جائیں، معزز بنچ کے سربراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے گئے، اطلاع ہے کہ وہ واپس تشریف لا چکے ہیں لیکن ورثاء کو تاحال سماعت کی نئی تاریخ نہیں ملی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ احتساب اور اصلاحات کے بغیر ہونے والے انتخابات کا نتیجہ وہی نکلے گا جو اب تک نکلتا آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 23 جون کو ایک اہم پریس کانفرنس کررہا ہوں جس میں تازہ ترین سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بات ہو گی۔
تبصرہ