پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے: عوامی تحریک
عوام صبح شام مہنگائی کے زہر آلود تھپیڑے کھا رہے ہیں، پٹرولیم
مصنوعات میں اضافہ ظلم ہے
روپے کی بے قدری ملک میں مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ ہے:خرم نواز گنڈا پور
خود کو خادم اعلیٰ کہنے کا دعویدار عوام کو صاف پانی کے نام پر بھی دھوکہ دیتا
رہا:سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
نااہلوں کی غلطیوں کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہی ہے:عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے
گفتگو
لاہور (13 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عید الفطر سے قبل عوام پر پٹرول بم گرانا انتہائی تشویشناک ہے، بائیس کروڑ عوام پہلے ہی صبح شام مہنگائی، لوڈ شیڈنگ کے زہر آلود تھپیڑے کھا رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام کے لیے جسم وجان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر تمام ضروریات زندگی کی اشیاء پر پڑتا ہے، روپے کی قدر میں مسلسل کمی ن لیگی حکمرانوں کی ناقص اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، نا اہل کرپٹ ن لیگی حکمرانوں کے پانچ سالہ دور اقتدار میں بیرونی اور اندرونی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
نااہل نواز شریف کے دور اقتدار میں غیر ملکی قرضہ میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوا، سمجھ سے بالا تر ہے کہ اتنا قرضہ لے کر خرچ کہاں کیا گیا؟ عام آدمی کو صحت، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات میسر نہیں، موٹرویز، اورنج ٹرین اور میٹرو بس کا کریڈٹ لینے والوں نے تمام نام نہاد ترقیاتی منصوبے قرضے لے کر شروع کیئے۔ نااہلوں کی غلطیوں کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہی ہے۔ ن لیگی حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ عوام اور آنے والی حکومت کو بھگتنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق کی قیادت میں آئے وفد میں میاں محبوب، الطاف رندھاوا، حاجی اختر، شیخ عامر رفیع، حاجی عبد الخالق، حفیظ الرحمن خان ودیگر تاجررہنما شامل تھے۔
خرم نوازگنڈا پور نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے کے لیے معیشت کی مضبوطی از حد ضروری ہے، برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 4 روپے چالیس پیسے کی کمی پاکستانی عوام اور معیشت کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے، انہوں نے کہا کہ حالات پالیسی سازوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ن لیگی حکمرانوں کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھل گئی۔
خرم نواز گنڈا پور نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، انہوں نے کہا کہ اوگرہ کو زمینی حقائق کا اندازہ ہوناچاہیے، آنکھیں بند کر کے کئے جانے والے فیصلے کبھی بھی درست نہیں ہوتے، روپے کی بے قدری ملک میں مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ ہے، جوعوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام ایسے تمام کرپٹ، قاتل، چور اور لٹیروں کا احتساب چاہتی ہے جو خود عیاشیاں کرتے رہے اور ملک و قوم کو قرضوں کے چنگل میں پھنسا کر چلے گئے، انہوں نے کہا کہ شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ خود کو خادم اعلیٰ کہنے کا دعویدار عوام کو صاف پانی کے نام پر بھی دھوکہ دیتا رہا۔ اپنے داماد اور لیگی لاڈلوں کو نوازنے کے لیے شوباز شریف نے پوری قوم کو دھوکہ دیا، اپنے منظور نظر شخص سے عمارت کرائے پر حاصل کر کے کروڑوں روپے کی بدعنوانی کی، شہباز شریف نے اپنے داماد کو کرائے کی مد میں ایڈوانس کے طور پر اتنی خطیر رقم ادا کی جو عمارت کی مجموعی قیمت سے بھی زیادہ ہے، کرپٹ قاتل اور نااہل شریف برادران کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔
تبصرہ