لوڈ شیڈنگ کے باعث عوامی مشکلات پر نگران وزیراعظم بھی پریشان ہیں: عوامی تحریک
شہباز شریف جواب دیں لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہیں ہوئی؟: صدر جنوبی
پنجاب فیاض وڑائچ
سابق وزیراعلیٰ اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی بجائے لوٹ مار کا حساب دیں: بشارت جسپال
ووٹ کی عزت کیلئے نواز شریف اصغر خان کیس میں عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں:
ترجمان عوامی تحریک
لاہور (6 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کی معیشت کا بھٹہ بٹھایا، میٹرو بس، اورنج ٹرین کے فینسی منصوبے تعلیم، صحت کی سہولتوں کی فراہمی کا متبادل نہیں ہو سکتے، شہباز شریف اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی بجائے لوٹ مارکا حساب دیں۔ ترقی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ لوڈشیڈنگ ختم ہوئی نہ تھانہ کلچر بدلا، 54 کمپنیوں کی کرپشن کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔
سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا دو روپے میں روٹی بکوا کر دکھاؤں گا۔ کہاں ہے دو روپے والی روٹی؟ شہباز شریف نے کہا تھا لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے آج نگران وزیراعظم لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوامی مشکلات پر پریشان ہیں، شہباز شریف نگران وزیراعظم کو اپنے بجلی منصوبوں اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوؤں پر قائل کریں۔ اسی طرح شہباز شریف نے 9 سال قبل پنجاب کی ہر تحصیل میں دانش شکول بنانے کا اعلان کیا تھا افسوس 9سال میں صرف 16 دانش سکول بن سکے اور منصوبہ ٹھپ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بتائیں ان کے دعوے کے مطابق کیا پنجاب کا ہر یتیم بچہ ان دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کررہا ہے؟ یقیناًجواب نفی میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 10سالوں میں پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بچوں کا ڈراپ آؤٹ ریٹ بڑھا۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے بیان حلفی جمع کروائے جانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ بیان حلفی کی عبارت کیا ہو گی؟ اور آیا وہ تمام وضاحتیں اس بیان حلفی میں شامل ہونگی جو ختم کیے گئے کاغذات نامزدگی کا حصہ تھیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا چاہیے یہ ووٹ کی عزت کا سوال ہے۔
تبصرہ