اسد کھرل پر حملہ کی مذمت، حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے: ترجمان عوامی تحریک
خاتون صحافی گل بخاری کو بازیاب کروایا جائے، صحافیوں کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے: نور اللہ صدیقی
لاہور (6 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے معروف صحافی اینکر پرسن اسد کھرل پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اسد کھرل نے ملک دشمن عناصر اور کرپٹ ایلیٹ کو انتہائی جرآت مندی کے ساتھ بے نقاب کیا، ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری اعتکاف بیٹھے ہیں اور وہ اسد کھرل کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے خاتون صحافی، کالم نویس، صحافی دانشور گل بخاری کے اغواء پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں بازیاب کروانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے صحافیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں۔
تبصرہ