شہباز شریف کے آخری اورنج ٹرین منصوبہ میں بھی کرپشن نکلی: میاں زاہد اسلام
اورنج ٹرین کے حوالے سے چین سے جومعاہدہ ہوا اسے چھپایا جارہا ہے
محکمہ خزانہ کی کارکردگی بیان کرنیکی مہم انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، مرکزی نائب صدر PAT
لاہور (یکم جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر میاں زاہد اسلام نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے آخری اورنج ٹرین منصوبے میں بھی کرپشن نکلی، اورنج ٹرین کے حوالے سے چینی بنکوں اور کمپنیوں سے جو معاہدے ہوئے انہیں چھپایا جارہا ہے، نیب نے تفصیلات مانگیں تو انہیں بھی دینے سے انکار کر دیا گیا، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری کی جارہی ہے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔
میاں زاہد اسلام نے کہا کہ پنجاب حکومت کی5 سالہ کارکردگی پر عوامی تحریک نے وائٹ پیپر کی شکل میں آئینہ دکھایا، وائٹ پیپر میں پیش کیے گئے حقائق اس قدر ٹھوس اور دو ٹوک ہیں کہ شہباز حکومت کے کسی حواری کو رد کرنے کی جرأت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ، پارکنگ، صاف پانی کمپنی، آشیانہ سمیت 51 کمپنیوں کی کرپشن کا معاملہ عدالت میں ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ نیب قومی دولت کے تحفظ اور ریکوری کیلئے شاندار آئینی کردار ادا کررہا ہے۔ میاں زاہد اسلام نے وفاقی حکومت کی گزشتہ 5سالہ کارکردگی پر محکمہ خزانہ کی طرف سے شائع شدہ اشتہار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا وزارت خزانہ نے الیکشن لڑنا ہے جو سرکاری خزانے سے کارکردگی کے اشتہار شائع کروارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کا کارکردگی پر مبنی اشتہار کی اشاعت الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اس کا نوٹس لیں اور شائع شدہ اشتہار کی رقم وفاقی سیکرٹری خزانہ کی تنخواہ سے کاٹی جائے اور آئندہ کیلئے ایسے انتخابی اشتہارروکنے کیلئے فول پروف اقدامات کیے جائیں۔
تبصرہ