الیکشن میں حصہ لیں گے، امیدواروں کے نام موصول ہورہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
جسٹس (ر) ناصرالملک کو نگران وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہیں، شفاف الیکشن انکی ذمہ داری ہے
امریکہ میں بزنس مین نہیں سلامتی کے امور کے ماہر سفیر کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (یکم جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جسٹس(ر) ناصرالملک کو نگران وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ریاستی مشینری کو انتخابی عمل میں استعمال ہونے سے روکنا اور ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد ان کی اولین آئینی ذمہ داری ہے۔ ناصرالملک کے اطراف میں نااہل کی تعینات کردہ بیوروکریسی ہے، انہیں اس پر کڑی نگاہ رکھنا ہو گی۔ وہ یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، امیدواروں کی فہرستیں موصول ہورہی ہیں، 3 جون کو سربراہ عوامی تحریک کی وطن واپسی پر حتمی لائحہ عمل دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات سے قبل انتخابی نظام کی اصلاح کیلئے سیاسی جدوجہد کی تھی کہ امیدواروں کی اہلیت کو کڑے معیار پر پرکھا جائے لیکن معاملہ الٹ ہو گیا، امیدواروں کی اہلیت پرکھنے کے جو ضبوابط کاغذی حد تک تھے وہ بھی ختم کر دئیے گئے، اب امیدواروں کو اثاثے، اقامے، مقدمات، سٹیزن شپ، قرضے چھپانے کی قانونی رعایت مل چکی ہے، کاغذات نامزدگی کو تبدیل کر دیا گیا اور امیدواروں کو ہر قسم کی چھان بین سے مبرا قرار دے دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے وقار کی بحالی کیلئے امیدواروں کی اہلیت پہلا ٹیسٹ ہے جسے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پامال کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کو بدلنے پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی طرف سے یہ کہنا کہ امریکہ میں بزنس کا ماہر سفیر مقرر کیاایک گمراہ کن بیانیہ ہے، پاکستان اور امریکہ کوئی بزنس پارٹنر نہیں ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی سکیورٹی، امن جیسے حساس ترین معاملات زیر بحث ہیں، ا مریکہ میں بزنس مین نہیں سلامتی کے امور کے ماہر تجربہ کار سفیر کی ضرورت تھی۔
تبصرہ