وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے فرنٹ مین کی کرپشن سامنے آنے پر شرم سے ڈوب مرنا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
کرپٹ بیوروکریٹ کو بچانے کیلئے کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا، دن رات مہم چلائی گئی
اللہ نے پاکستان کے عوام کو موقع دیا ہے کرپٹ، سازشی عناصر سے نجات حاصل کر لیں، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (28 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ احد چیمہ کیلئے بیورو کریٹس کو ہڑتال پر اکسانے والے سول سیکرٹریٹ کی تالا بندی کروانے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے فرنٹ مین کی ہوشرباء کرپشن سامنے آنے پر شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ اسی احد چیمہ کیلئے اسمبلی میں نیب کے خلاف قراردادیں پاس ہوئیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایک کرپٹ بیوروکریٹ کو بچانے کیلئے کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ احد چیمہ کو بچانے کیلئے شہباز شریف نے دن رات مہم چلائی مگر سلام ہے نیب کو جس نے ہر قسم کا دباؤ مسترد کر کے کرپٹ بیوروکریٹ اور اس کے طاقتور سرپرستوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ن لیگ کو سیاست سے ناک آؤٹ کرنے کا مطلب کرپشن پر کاری ضرب لگانا ہے، اللہ نے پاکستان کے عوام کو ایک اور موقع دیا ہے کہ وہ کرپٹ، سازشی عناصر سے نجات حاصل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے صرف نواز شریف یا شہباز شریف نہیں ن لیگ سے وابستہ ہر عہدیدار اخلاقی مجرم اور کرپٹ ہے۔ نواز شریف کے خطاب پر اپنے ردعمل میں خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان کے غریبوں سے رتی برابر بھی پیار ہوتا تو ن لیگ کے دور حکومت میں مہنگائی میں 40 فی صد اضافہ اور بے روزگاری نہ بڑھتی۔ قیمتی وسائل انسانی فلا ح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے پلوں، سڑکوں پر خرچ نہ کئے جاتے۔
تبصرہ