عوامی تحریک کے 29ویں یوم تاسیس پر خصوصی تقریب
کیک کاٹا گیا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کو خراج تحسین پیش کیا گیا
ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں نظام بدلنے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں کا خطاب
لاہور (26 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے 29 ویں یوم تاسیس پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، کیک کاٹا گیا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ورثاء کو حصول انصاف کیلئے استقامت کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں نظام بدلنے کی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک مڈل اور لوئیر مڈل عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو آئین اور جمہوریت کا سبق دیا۔ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی اہمیت کو اجاگر کیا، آج انہی آرٹیکل کے اطلاق سے قوم کو جھوٹوں، لٹیروں اور منی لانڈرنگ کرنے والے عناصر سے نجات ملی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کرپشن میں لتھڑے ہوئے نظام نے قوم کو فکری انتشار کا شکار بنا دیااب اس نظام کو دفن کرنے کا وقت آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور اداروں کی تنظیم نو کے بغیر پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم ہو گی نہ عوام کو انکے بنیادی حقوق ملیں گے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ جب الیکشن قریب آتا ہے، شریف برادران آصف علی زرداری کو برا بھلا کہنے کا ڈرامہ شروع کر دیتے ہیں اور الیکشن گزر جانے کے بعد ان کی دعوتیں کرتے ہیں، پاکستان کو منافقانہ سیاست نے ہمیشہ نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں میاں عبد القادر، چوہدری افضل گجر، راجہ زاہد محمود، حافظ غلام فرید، شفاقت مغل، چوہدری محمد صدیق، قاری مظہر فرید، اقبال ڈوگر، ڈاکٹر اقبال نور و دیگر بھی موجود تھے۔
تبصرہ