پاکستان کی سیاست لوٹا ازم کا شکار نظر آتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کے 29ویں یوم تاسیس پر خصوصی تقریب سے خطاب
لاہور (25 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے 29ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست لوٹا ازم کا شکار نظر آتی ہے حقیقی تبدیلی کیلئے ابھی بڑا معرکہ باقی ہے۔ نظام کی تبدیلی اور اداروں کی تنظیم نو کے بغیر پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم ہو گی نہ عوام کو انکے بنیادی حقوق ملیں گے، ریاست مدینہ جیسا انتظامی ماڈل چاہتے ہیں جس میں ڈھونڈنے سے بھی زکوۃ لینے والا نہ ملے۔ دنیا بھر کے سرمایہ داروں نے لوٹ مار کے نظام کا نام جمہوریت رکھا ہوا ہے، پاکستانی اشرافیہ عالمی ساہو کاروں کی پروردہ اور آلہ کار ہے۔ 29ویں یوم تاسیس کے اجلاس میں شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے انقلاب مارچ اسلام آباد کیلئے دعائے خیر کی گئی۔ یوم تاسیس کے اجلاس سے بشارت جسپال، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، شفاقت مغل نے خطاب کیا۔ اجلاس میں نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، میاں عبد القادر، چوہدری محمد صدیق، قاری مظہر فرید، اقبال ڈوگر، ڈاکٹر اقبال نور و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک کی سیاست کسی کو اقتدار سے ہٹانے یا حکومت میں آنے کیلئے نہیں پاکستان کی تعمیر نو کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی تحریک غریب کی آوازاور بے سر و سامانی کے علم میں نظریے کی قوت کے ساتھ پاکستان کی ہر گلی میں موجود ہے یہ ظالم نظام اور دولت کا کھیل ایسے نہیں چلے گا۔ آخر میں جیت نظریہ کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دولت اور دھن دھونس سے حاصل ہونے والے اقتدار کی مدت متعین ہوتی ہے، نظریے والے تاریخ میں زندہ رہتے ہیں پیسے والے کی اہمیت رات کی بات جیسی ہوتی ہے۔ 2014 جیسا دھرنا نہ کسی نے کیا اور نہ کوئی آئندہ کر سکے گا۔ نواز شریف اپنے تکبر اور غرور کی وجہ سے آج پسینے سے شرابور احتساب عدالت کے بنچوں پر بیٹھتے ہیں یہ اللہ کی گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک نظریہ کا نام تھا، کردار والے لیڈر کی تعریف دشمن بھی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
تبصرہ