واقعہ کا منہاج یونیورسٹی لاہور سے کوئی تعلق نہیں ہے: ترجمان عوامی تحریک
والدین کی درخواست اور طالبات کے بہترین مفاد میں انہیں شام 6 بجے کے بعد ہاسٹل سے باہر جانیکی اجازت نہیں
لاہور (18 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ واقعہ کا منہاج یونیورسٹی لاہور سے کوئی تعلق نہیں ہے، منہاج یونیورسٹی میں زیر تعلیم بچیاں ایک علیحدہ ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں۔ اس ہاسٹل کا انتظام و انصرام خرم نواز گنڈاپور دیکھتے ہیں، والدین کی درخواست پر ہاسٹل انتظامیہ نے یہ قواعد اور ڈسپلن قائم کر رکھا ہے کہ کسی بھی طالبہ کو شام چھے بجے کے بعد ہاسٹل سے بغیر اجازت یا کسی ٹھوس وجہ کے جانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ اس ڈسپلن کو ملحوظ خاطر نہ رکھے جانے اور زبردستی ہاسٹل سے باہر جانے کے لیے ہنگامہ آرائی پر خرم نواز گنڈاپور نے سخت نوٹس لیا، انہوں نے طالبات کے بہترین مفاد اور مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سختی کی، طالبات نے جو ایونٹ رکھا ہوا تھا اس ایونٹ کی اطلاع ہاسٹل انتظامیہ کو نہیں تھی جس کی وجہ سے انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں دی، یہ ڈسپلن بچیوں کی حفاظت اور نگہداشت کے فول پروف انتظامات کے لیے تھا۔ بچیوں کے بہترین مفاد میں اور والدین کی حسب خواہش طے شدہ ڈسپلن پر سختی سے عمل کیا گیا۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ سحر و افطار کے حوالے سے ناقص انتظام کی باتیں من گھڑت اور گمراہ کن ہیں اس کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم اس معاملہ کو طالبات کے ساتھ گفتگو شنید کے بعد حل کر لیا گیا ہے۔
تبصرہ