انٹرویو کرنے والا بڑا دشمن اور دینے والا غدار ہے: عوامی تحریک
شریف برادران جس تھالی میں کھاتے اسی میں چھید کرتے ہیں:
صاف پانی پراجیکٹ کی طرح مالٹا ٹرین کا آڈٹ ہوا تو گھپلے نکلیں گے: فیاض وڑائچ
(18 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا انٹر ویو کرنے والا صحافی دشمن ہے تو انٹرویو دینے والا غدار ہے۔ کیا نواز شریف کے منہ میں الفاظ بھی صحافی نے ڈالے ہیں؟ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے صوبائی عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ شریف برادران جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں، صاف پانی پراجیکٹ کی طرح مالٹا ٹرین کا آڈٹ ہوا تو بڑے گھپلے نکلیں گے، فیاض وڑائچ نے کہا کہ غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر ناچنے والے نااہل نواز شریف کی کرپشن اور حالیہ ملک دشمن غضب کہانیوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، نااہل اور اس کے حواری دہشتگردی جیسی آفت ہیں جب تک ان سے نجات حاصل نہ کی گئی یہ ملک و قوم کی بوٹیاں نوچتے رہیں گے، وقت آگیا ہے ان ملک دشمنوں کو ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران میر جعفر اور میر صادق والا کردار ادا کررہے ہیں، دونوں بھائیوں کی ملک دشمن سوچ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، نااہل نواز شریف چوری کا مال بچانے کے لیے کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں، نوازشریف ملک وقوم کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں، اقتدار سے دوری کے بعد نواز شریف مخبوط الحواس اور ذہنی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں، نواز شریف سمجھتے ہیں کہ جب تک وہ اقتدار میں ہیں سب ٹھیک ہے، جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو ان کو ہر کام میں برائی نظر آنے لگی ہے حتی کہ ملکی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ نواز شریف اور ان کے حواری دہشتگردوں کے ہمدرد اور سپورٹرز ہیں، پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کے حکمران کرپشن کیسز اور ملک سے غداری میں ملوچ اور مطلوب ہیں، قوم و ملک کے دشمنوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے نااہل نواز شریف کے جرائم کے بارے میں جو کچھ بھی کہا آج اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
تبصرہ