ثابت کرینگے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا حکم شریف برادران نے دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری
نواز شریف کا لب ولہجہ بھارتی سفیر جیسا ہے، سزاؤں سے بچنے کے لیے ریاست کو بلیک میل کر رہے ہیں
قوم اور قومی سلامتی کے ادارے ایک طرف نااہل دوسری طرف کھڑا ہے: لائرز موومنٹ کے رہنماؤں سے خطاب
نواز شریف کی اقتدار سے بے دخلی پر غیر ملکی انویسٹرز تڑپ رہے ہیں
ستمبر 2016 میں کہا تھا نوازشریف اقتدار میں آئے نہیں لائے گئے ہیں
نواز، شہباز سمیت حواریوں کی طلبی سے کامل انصاف کے تقاضے پورے ہونگے
لاہور (15 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا لب و لہجہ بھارتی سفیر جیسا ہے، اداروں کیلئے نا اہل کا یہ روپ حیران کن ہو سکتا ہے میرے لئے نہیں، شریف برادران اپنی لوٹ مار بچانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں، نواز شریف خود کو بچانے کیلئے دشمنوں کے ساتھ نیشنل سیکرٹ بھی شئیر کر سکتے ہیں، پوری قوم اور قومی سلامتی کے ادارے ایک طرف کھڑے ہیں نا اہل ایک طرف کھڑا ہے۔ نواز شریف پاکستان کے خلاف انڈیا کے سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔ 2016 میں شریف خاندان کی شوگر ملوں میں کام کرنیوالے بھارتیوں کے پاسپورٹ نمبر اور ویزا فارم بھی قوم کے سامنے رکھ دئیے تھے۔ شریف خاندان کے ذاتی اور سیاسی ترجمانوں نے میرے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا لیکن انہیں آج تک عدالت جانے کی جرات نہ ہو سکی۔ کلبھوشن کی گرفتاری پر نواز شریف کی خاموشی، خاندانی شادیوں میں مودی کی شرکت، سجن جندال سے مری میں خفیہ ملاقات ہر جگہ ذومعنی راز و نیاز نظر آتے ہیں۔ پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف اس بار آئے نہیں لائے گئے تھے ان کے پیچھے انڈیا سمیت متعدد ملکوں کی بھاری انویسٹمنٹ تھی، نواز شریف کی اقتدار سے بے دخلی پر غیر ملکی انویسڑز تڑپ رہے ہیں اور غیر ملکی قوتوں کا آلہ کار اپنی جان بخشی کیلئے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اب قومی سلامتی کو قتل کرنے کے درپے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ابھی بہت سارے مزید کھیل کھیلیں گے، ملک سے بھاگنے کیلئے ریاست کو بلیک میل بھی کریں گے۔ نا اہل نے معیشت تباہ کر دی، آئین کو بے وقعت کیا، سپریم کورٹ کو بدنام کیا، فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی آخر کسی بات کا تو انہیں زعم ہے اور کوئی تو انکے پیچھے ہے۔ آنے والے دنوں میں انویسٹر بھی قوم کے سامنے بے نقاب ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ لارجر بنچ نے نواز شریف، شہباز شریف کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں باقاعدہ سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔ ان شاء اللہ شواہد اور ثبوتوں سے ثابت کرینگے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن قتل عام کا حکم شریف برادران اور انکے حواریوں نے دیا تھا۔ شریف برادران سمیت جن 12 ذمہ داران کو انسداد دہشتگردی عدالت نے طلب نہیں کیا اب ان کی بھی طلبی ہو گی۔ نواز شریف، شہباز شریف اور انکے حواریوں کی طلبی سے ہی کامل انصاف کے تقاضے پورے ہونگے۔ ظلم کے خاتمے کی جدوجہد میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون شامل ہے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کی لڑائی ظالموں کے خلاف ہے۔ قومی اداروں اور پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنیوالے شریف برادران نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا حکم دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والے خون کا حساب ہو کر رہے گا۔ نواز شریف، شہباز شریف بے گناہ کارکنوں کے قاتل ہیں، حکمران ملک لوٹ رہے ہیں۔
تبصرہ