نواز شریف کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت تحویل میں لیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک غداری کا مقدمہ درج کروانے کیلئے عدالت سے رجوع کرے گی
نا اہل لوٹ مار بچانے کیلئے ایٹمی صلاحیت کے راز دشمن ملکوں سے شیئر کر سکتا ہے
اس ننگ ملت، ننگ دین میر جعفر صادق کو انجام تک پہنچانے کا وقت آ گیا: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (13 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملکی مفاد کے خلاف غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار نواز شریف کو پاکستان پر سنگین الزام تراشی کے جرم میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت ریاستی ادارے اپنی تحویل میں لیں۔ تین بار وزیر اعظم رہنے والاقومی لٹیرا لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے نیشنل سیکرٹ دشمن ملکوں سے شیئر کر سکتا ہے۔ پاکستان سے انڈیا دہشتگرد بھیجے جانے کا الزام مادر وطن سے کھلی غداری ہے۔
انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک غدار وطن کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے عدالت سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران غیر ملکی قوتوں کے پرانے نمک خوار ہیں، بے نقاب اب ہو رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈیڑھ سال قبل پریس کانفرنس کر کے قوم کے سامنے شریف خاندان کی شوگر ملوں میں کام کرنیوالے بھارتی ٹیکنیشنز اور انجینئیرز کے نام اور پاسپورٹ نمبرز تک رکھے تھے، چونکہ حکومت انکی اپنی تھی اس لئے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ آج غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار اپنی زبان سے اپنے جرائم کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص پاکستان کے خلاف دشمن ملک کا سلطانی گواہ بن کر ننگ ملت اور ننگ دین ہونے کا ثبوت فراہم کر رہا ہے۔ قوم سے وعدہ ہے وقت کہ اس میر جعفر اور میر صادق خاندان کو انکے انجام تک پہنچا کر دم لینگے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے میرے باپ کے سینے میں بہت راز ہیں اسکا سوائے اسکے اور کوئی مطلب نہیں کہ یہ نا اہل شخص پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے بارے میں بھی معلومات افشا کرنے کی غدارانہ حرکت کا مرتکب ہو سکتا ہے اس لئے اس غدار وطن کو ابھی سے گردن سے پکڑ لینا چاہیے اور پاکستان سے محبت رکھنے والے کارکنان جو اب تک کسی غلط فہمی کی وجہ سے اس نا اہل کے ساتھ تھے انکی آنکھیں بھی کھل جانی چاہئیں اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نا اہل اور غدار نواز شریف سے اعلان لا تعلقی کر لینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اس ننگ ملت، ننگ دین میر جعفر صادق کو انجام تک پہنچانے کا وقت آ گیا۔
تبصرہ