نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے: عوامی تحریک کا مطالبہ
امیدوار انتخابی میدان میں اتریں: عوامی تحریک کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں فیصلہ
ڈاکٹر طاہرالقادری کا 10 نکاتی ایجنڈا اور چہرے نہیں نظام بدلو انتخابی منشور ہو گا
نواز شریف ذات کے دفاع کیلئے نیشنل سیکرٹ بھی دشمن کو دے سکتے ہیں: رہنماء
فوج، عدلیہ کے خلاف ن لیگی مہم کی مذمت، اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بریفنگ
لاہور (13 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کافیصلہ کرتے ہوئے امید واروں کو بھر پور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ اجلاس میں نواز شریف کے دہشتگرد پاکستان سے انڈیا جانے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان سے غداری قرار دیا ہے۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کر کے نواز شریف سے بیان کی وضاحت طلب کی جائے، اجلاس میں فوج، عدلیہ اور ریاست پاکستان کے خلاف ن لیگی قائدین کی منفی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں رمضان المبارک سے قبل مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا گیا، قرارداد میں چکن کی قیمتوں میں فی الفور 25فی صد کمی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر مرکزی رہنما چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، صاحبزادہ محمد نذیر سلطان، خالد درانی، نور اللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ کے زونل صدور اور ایگزیکٹو کونسل کے ممبران شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دس نکاتی ایجنڈے اور نظام بدلو ویژن میں ہے۔ عوامی تحریک کے امیدوار نظام کی تبدیلی کا پیغام انتخابی مہم میں شامل کریں، اب وقت آ گیا ہے کہ قوم کو ایک بار پھر باور کروایا جائے کہ موجودہ نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے، انہوں نے کہا کہ اس نظام نے ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات اور نا اہل نواز شریف جیسے کرپٹ اور ریاست کے دشمن پیدا کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام رہے گا تو کرپٹ اشرافیہ کبھی پاکستان کو ترقی نہیں کرنے دیگی۔
مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام ریاست کے وجود کیلئے خطرہ بن چکا نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے، آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عمل نہ ہوا تو پارلیمنٹ میں بد عنوان پلٹ آئینگے۔ عوامی تحریک روایتی سیاسی جماعت نہیں ہے ہماری سیاست ایک نظریہ پر ہے اور اس نظریہ کیلئے جانی، مالی قربانیاں بھی دی گئیں، آئندہ عام انتخابات میں اسی نظریہ پرحصہ لینگے۔ بیداری شعور عوامی تحریک کی قیادت کی ایک بڑی کامیابی اور قومی خدمت ہے۔
ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قانونی پیش رفت پربریفنگ دی اور بتایا کہ چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد انسداد دہشتگردی کی عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہو رہا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے نا اہل نواز شریف کی پاکستان کے خلاف بیان بازی نا قابل برداشت ہے، نواز شریف کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ اجلاس میں میاں عبد القادر، سیدشاہد حسین شاہ، مشتاق احمد صدیقی، سید ابرار حسین شاہ، ابرار رضا ایڈووکیٹ، نعیم کیانی، قاری مظہر فرید سیال، قمر عباس نور، محمد آصف سلہیریا، راؤ کامران، راجہ منیر اعجاز، کاشف محمودنے اجلاس میں خطاب کیا اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی اختیار کرنے کے بارے میں تجاویز دیں۔
تبصرہ