عوامی تحریک کا ضلع، تحصیل کی سطح پر سوشل میڈیا تنظیمی نیٹ ورک قائم کرنیکا فیصلہ
پاکستان عوامی تحریک کے آئین میں سوشل میڈیا سیکرٹری کا نیا عہدہ شامل کردیا گیا
فوج عدلیہ کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کا ہیڈ کوارٹر جاتی امرا ہے :خرم نواز گنڈاپور
اجلاس میں نوراللہ صدیقی، فرخ شہزاد، جی ایم ملک، رفیق نجم، علامہ رانا ادریس کی شرکت
لاہور (4 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک سوشل میڈیا سیل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کا مرکزی ہیڈ کوارٹر جاتی امرا میں قائم ہے، اس سیل کو غیر ملکی لابی آئینی اداروں کیخلاف مواد فراہم کررہی ہے، اس ساری نظریاتی دہشتگردی کو ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ دانستہ نظر انداز کررہی ہے، فوج کیخلاف نیوز لیکس سکینڈل بھی ن لیگ کے اسی سوشل میڈیا سیل کی کارستانی ہے، انہوں نے بتایا پاکستان عوامی تحریک کے آئین میں سوشل میڈیا سیکرٹری کا نیا عہدہ شامل کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا گروپ ہیڈ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سوشل میڈیا ہیڈ فرخ شہزاد، جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، چودھری فیاض وڑائچ، عبدالستار منہاجین، محمد ثناء اللہ نے شرکت کی۔
فرخ شہزاد نے سوشل میڈیا کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی، سوشل میڈیا ہیڈ فرخ شہزاد نے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین سے خصوصی ملاقات کی اور سوشل میڈیا کے حوالے سے کارکردگی سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے جملہ ممبران، کوآرڈینیٹرز، ڈپٹی کوآرڈینیٹر کی کارکردگی کو سراہا۔
سوشل میڈیا گروپ ہیڈ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے سب سے پہلے متبادل بیانیہ پیش کر کے اسلامی دنیاکو پراگندگی سے بچایا اور نوجوانوں کو اسلام کی پرامن فکر سے روشناس کروایا، اب عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اینٹی اسلام اور اینٹی پاکستان اور اینٹی انسٹیٹیوشنز پروپیگنڈا کیخلاف متبادل بیانیہ پر کام کررہے ہیں، اسلام اور ملک کے دشمنوں کیلئے کہیں کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت اداروں کو کمزور کیا گیا اور اب نوجوان نسل کو اداروں کیخلاف مشتعل کر کے پاکستان کی نظریاتی، فکری جڑیں کھوکھلی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصہ کے بعد ملک دشمن عناصر کو شریف برادران کی شکل میں ایجنٹ میسر آچکے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا کا تنظیمی نیٹ ورک اضلاع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیاجائیگا اور اس حوالے سے زونل صدور اور نائب ناظمین اعلیٰ معاونت کرینگے۔
تبصرہ