نواز شریف میں جرأت ہے نادیدہ قوتوں کا نام لیں: خرم نواز گنڈاپور
بزدل منّے کے ابا کہہ کر بات کرنے کی بجائے دل کی بات زبان پر لائیں
نادیدہ قوتوں سے مراد فوج ہے تو پھر وہ جان لیں ان کا مقابلہ عوام سے ہے
نوازشریف الطاف حسین بننے کا ارادہ کر چکے ہیں تو ان کا انجام بھی ذہن میں رکھیں
لاہور (2 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرام نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف میں جرأت ہے تو نادیدہ قوتوں کا نام لیں منّے کے ابا کہہ کر بات کرنے کی بزدلی چھوڑ دیں اور دل کی بات زبان پر لائیں، اگر نادیدہ قوتوں سے ان کی مراد فوج ہے تو پھر وہ جان لیں ان کا مقابلہ 21کروڑ محب وطن عوام سے ہے، نوازشریف الطاف حسین بننے کا ارادہ کر چکے ہیں تو ان کا انجام بھی ذہن میں رکھیں، پاکستان کے عوام کسی غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار کو آئینی اداروں کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے، نواز شریف کا معاملہ ووٹ کی عزت کا نہیں خزانے کے تحفظ اور آئین کی بالا دستی کا ہے، نااہل نے عدالت میں جھوٹ بولا اور منی ٹریل دینے سے انکار کیا جس پر وہ عمر بھر کے لیے ’’کک آؤٹ‘‘ ہوگئے اور مرتے دم تک وہ نااہل کے طور پر یاد رکھے جائیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اس سے زیادہ عبرتناک انجام کے مستحق ہیں، وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کا پاکستان کا وزیر اعظم بننا المیہ ہے اب پاکستان کو ایسے المیوں سے ہمیشہ کے لیے پاک صاف کرنے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا گیا اور دونوں ہاتھوں سے عوام اور خزانے کو لوٹا گیا اور لوڈ شیڈنگ جوں کی توں ہے، پانچ سال میں 12 ہزار میگا واٹ بجلی اگر سسٹم میں آئی ہے تو پھر 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کیوں ہے؟ 2013ء میں بھی مئی میں شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ تھا اور مئی 2018 میں بھی 6 ہزار میگا واٹ ہے اور ابھی بھی نااہل گلیوں میں پوچھتا پھر رہا ہے ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی کوئی سوچ اور وژن نہیں ہے، لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے اور وزیر بجلی رہنے والا بھی بالآخر جھوٹا ثابت ہوکر عمر بھر کے لیے نااہل ہوگیا، انہوں نے کہا کہ شب برات کی مبارک رات دیہات میں 16 اور شہری علاقوں میں 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوئی۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ قوم کی نظریں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام توانائیاں حصول انصاف کے لیے صرف کر رہے ہیں۔
تبصرہ