اوروپا ترک اسلامک بلرلگی کے وفد کی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ اجتماعی قربانی میں شرکت
ترکی کی بڑی فلاحی تنظیم "اوروپا ترک اسلامک بلرلگی" (ATIB) کا ایک وفد گذشتہ دنوں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دعوت پر دورہ پاکستان پر آیا۔ اس وفد میں ابراہیم ارز، وحید مراپا اور دیگر اراکین شامل تھے۔ وفد نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے بعد پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ میں عیدالاضحیٰ منائی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور امورخاجہ کے مرکزی قائدین بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھے۔ (ATIB) کے وفد نے عیدالاضحیٰ کے بعد یہاں 20 جانوروں کی اجتماعی قربانی کی۔ بعد ازاں وفد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ قربانی کا گوشت غرباء اور بالخصوص افغان مہاجرین میں تقسیم کیا۔ اس کے بعد (ATIB) کا یہ وفد لاہور واپس آیا۔ جہاں انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ 30 جانوروں کی قربانی کی اور گوشت کو مستحق لوگوں میں تقسیم کیا۔ دورہ کے اختتام پر (ATIB) کے اراکین مظفرآباد کے علاقے گوجرہ گئے جہاں انہوں نے ایک سکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ جبکہ یہاں بھی قربانی کے لئے 5 جانور ذبح کئے اور گوشت مقامی آبادیوں میں تقسیم کیا۔ اس کامیاب دورہ کو مکمل کر کے یہ وفد گذشتہ دنوں ترکی واپس روانہ ہو گیا۔ دورہ میں تحریک منہاج القرآن پشاور سے خالد درانی، مظفرآباد سے عبدالرحمٰن چشتی، نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزاد کشمیر اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین میں سے نجم الثاقب، شکیل احمد طاہر، محمد عاقل ملک، ڈاکٹر شاہد محمود، شاہد حمید گل، ندیم احمد اعوان، عبدالرحمٰن صدیقی اور عبدالرزاق قریشی بھی ساتھ تھے۔
تبصرہ