مریم نواز رانا ثناء اللہ کے شرمناک ریمارکس پر خاموش کیوں ہیں؟ فرح ناز
سیاسی کارکن خواتین کے بارے میں وزیر قانون پنجاب کے ریمارکس اخلاقی دیوالیہ پن ہے
خواتین کی آل پارٹی کانفرنس بلا کر مذمت کریں گی، فرح ناز مرکزی صدر ویمن لیگ PAT
لاہور (یکم مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر قانون پنجاب کے سیاسی کارکن خواتین کے بارے میں ریمارکس ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔ خود کو سینئر سیاسی کارکن کہنے والے کو ان لچر ریمارکس پر شرم آنی چاہیے۔ خواتین کے بارے میں ایسی گفتگو کوئی گیا گزرا بداخلاق ہی کر سکتا ہے، ہم رانا ثناء اللہ کے اس بیان اور ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں۔
انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی ن لیگ اور وزیر قانون ہے جس کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو شہید کیا گیا۔ ن لیگ خواتین کے سیاسی کردار کی دشمن اور ایک انتہا پسند کرپٹ جماعت ہے۔ مریم نواز خود بھی سیاست میں ہیں۔ وہ وزیر قانون کے مذکورہ ہتک آمیز اور غیر مہذب لب و لہجہ پر خاموش کیوں ہیں؟ وہ اگر خود کو جمہوری سمجھتی ہیں تو پھر وزیر قانون پنجاب کی مذمت کریں اور ایسے شخص کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کریں۔ رانا ثناء اللہ جیسے قماش لوگ نہیں چاہتے کہ خواتین سیاست میں اپنا قومی کردار ادا کریں اور تعمیر پاکستان کی جدوجہد میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے تمام جماعتوں کی عہدیدار خواتین پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے رانا ثناء اللہ کے مذکورہ ریمارکس کی مذمت کریں گی۔
تبصرہ