شناختی کارڈ کی فیسوں میں اضافہ ظلم، واپس لیا جائے: جی ایم ملک
عوام کی کھال اتارنا کیا ووٹ کی عزت ہے، ڈائریکٹر فارن افیئر
منہاج القرآن
چیف جسٹس مفاد عامہ کے اس مسئلہ پر سوموٹو ایکشن لیں
لاہور (25 اپریل 2018) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی فیسوں میں 100فیصد اضافہ ظلم ہے، حکومت اضافہ واپس لے، چوروں، لٹیروں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کیلئے ایمنسٹی سکیمیں آرہی ہیں اور رزق حلال کمانے والوں کو مزید بوجھ تلے دبایا جارہا ہے، حکمران آسانی سے نہیں مانیں گے، مفاد عامہ کے اس اہم ترین ایشو کا چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار نوٹس لیں ۔اس بات کا نوٹس لینے کی بھی ضرورت ہے کہ آیا ایک شناختی کارڈ کی تیاری پر اتنے اخراجات آتے ہیں جتنے وصول کیے جارہے ہیں، حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کرتی ہیں مگر موجودہ حکمرانوں نے عوام کو تکلیف دینے کا کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر شہری ٹیکس گزار ہے، وہ جی ایس ٹی کی شکل میں پٹرول، ڈیزل، ماچس کی ڈبی، ڈسپرین کی ٹیبلٹ سمیت خریدی جانیوالی ہر چیز پر 17 فیصد جی ایس ٹی ادا کرتا ہے اور بدلے میں حکومت کیا دیتی ہے؟ جو حکومت اپنے عوام کو شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر سرکاری ضروری دستاویزات ارزاں نرخوں پر فراہم نہیں کر سکتی اسے عوامی حکومت کہلوانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جواب دیں عوام کی کھال اتارنا کیا ووٹ کی عزت ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شناختی کارڈ کی قیمتوں میں کیا جانیوالا اضافہ واپس لیا جائے ورنہ اس پر احتجاج ہو گا۔
تبصرہ