شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور کی روشنیوں پر خرچ کئے: قاضی زاہد حسین
وزیر اعلیٰ کراچی کی بجائے بہاولپور، راجن پور، لیہ کو لوڈشیڈنگ سے پاک کریں: مرکزی صدر عوامی تحریک
کوئٹہ، پشاور، کراچی، لاہور کے عوام شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، گفتگو
لاہور (22 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ مسلسل 10 سال جنوبی پنجاب کے تعلیم، صحت کے فنڈز لاہور کی روشنیوں پر خرچ کرنیوالے شہباز شریف کراچی والوں کو روشنیاں دینے کے خواب دکھانے کی بجائے بہاولپور، راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولنگر، لیہ اور ملتان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کریں اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع کا استحصال کرنے پر وہاں کے عوام سے معافی مانگیں۔ جنوبی پنجاب کو ظلم کا نشانہ بنانے کی وجہ سے وہاں کے منتخب نمائندوں نے ن لیگ کو چھوڑ دیا۔ خدا نہ کرے شہباز شریف وزیر اعظم بنے یہ سانحہ ہو گیا تو پھر لاہور کی طرح کراچی، پشاور، کوئٹہ میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات ہونگے، جعلی کمپنیاں بنیں گی اور قومی دولت کی لوٹ مار کا نیا سیاہ دور شروع ہو جائے گا۔ وہ یہاں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ شہباز شریف کی میٹرو پھکی سندھ میں نہیں بکنے والی جو وزیر اعلیٰ کمپنیاں بنا کر پنجاب کو لوٹتا رہا وہ کراچی کے چکر لگانے کی بجائے عدالتوں میں جاکر اپنے اوپر عائد الزامات کا دفاع کرے اور نیب کو 56 کمپنیوں کی مکمل دستاویزات جمع کروائے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ ساز ہیں۔ کراچی کے عوام پہلے ہی بہت زیادہ زخم خوردہ ہیں وہ کسی قاتل کو اپنی سر زمین پر دھوکہ دہی کا کوئی نیاجال بننے کی اجازت نہیں دینگے۔ قاضی زاہد حسین نے کہاکہ پنڈی، ملتان اور لاہور کے عوام نے میٹرو منصوبوں کو مسترد کر دیا، یہ سفید ہاتھی منصوبے غریب اور مقروض پاکستان کے معاشی مسائل میں اضافے کا سبب ہیں۔ اورنج اور میٹرو منصوبوں پر خرچ ہونیوالی رقم اگر پنجاب بھر کی سڑکوں پر خرچ کی جاتی تو اس رقم سے 40 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہو سکتی تھیں۔ فارم ٹو مارکیٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے زرعی شعبے میں انقلاب آ جاتا مگر پنجاب کی اشرافیہ نے ’’میگا منصوبے میگا کرپشن‘‘ کے ایجنڈے کے تحت پنجاب کی صرف 4 سڑکوں پر 4 سو ارب جھونک دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا دورہ کراچی انکے دورہ پشاور کی طرح ناکام رہا انہیں کسی نے گھاس نہیں ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، پشاور، کوئٹہ اورلاہور کے عوام شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار سمجھتے ہیں اور انکا انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں۔
تبصرہ