ن لیگ کی ’’لاہوری قیادت‘‘ نے ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا: میاں زاہد اسلام
لاہور سبزی اور فروٹ منڈی کے آڑھتی اسحاق ڈار سے بہتر وزارت خزانہ چلاسکتے تھے
جب سے اسحاق ڈار داتا گنج بخش ؒ کے مزارسے وابستہ ہوئے، صدقات 25 فیصد کم ہو ئے
گیم چینجر سی پیک کے معاشی ثمرات کہاں ہیں؟ مرکزی نائب صدر عوامی تحریک
لاہور (20 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر میاں زاہد اسلام نے کہا ہے کہ ن لیگ کی ’’لاہوری قیادت‘‘ نے پاکستان کی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا، لاہور سبزی اور فروٹ منڈی کے آڑھتی اسحاق ڈار سے بہتر وزارت خزانہ چلاسکتے تھے، سٹیٹ بنک نے انکشاف کیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار تجارتی خسارہ جی ڈی پی کے ساڑھے 5 فیصد سے بڑھ گیا، امپورٹ 40 ارب ڈالر سے زائد اور ایکسپورٹ 18 ارب ڈالر سے گر گئی، وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
میاں زاہد اسلام نے کہا کہ سعد رفیق نے ریلوے، اسحاق ڈار نے معیشت اور ان کے نااہل لیڈر نواز شریف نے وفاق پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں بہت سارے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، سب سے زیادہ غیر ملکی قرضے لینے کا ریکارڈ، سب سے زیادہ سود ادا کرنے کا ریکارڈ، ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ روپے کی قدر گرانے کا ریکارڈ، ڈالر کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کا ریکارڈ، قوم سے جھوٹ بولنے کا ریکارڈ اور سب سے زیادہ کرپشن کرنے کے ریکارڈ موجودہ دور حکومت میں قائم ہوئے، ہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ والوں سے کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے ان حکمرانوں کے ریکارڈ کو اپنی عالمی کتاب میں شامل کریں، پوری دنیا میں ایسے نااہل وزیر خزانہ اور وزیراعظم ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملیں گے۔
میاں زاہد اسلام نے سعد رفیق کی ریلوے میں کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے کر بڑا فیصلہ کیا ہے، اس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں، بروقت تحقیقات مکمل ہو گئیں تو سعد رفیق انتخابی میدان کی بجائے جیل کے لان میں ہونگے۔ میاں زاہد اسلام نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ملکی معیشت تباہ کرنے پر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ جب سے اسحاق ڈار داتا علی ہجویریؒ گنج بخش کے مزار کے چیئرمین امور مذہبیہ بنے صدقات، خیرات میں 25 فیصد کمی واقع ہو گئی۔ میں مطالبہ کرتا ہوں اس کا آڈٹ بھی کیا جائے کہ خیرات اور لنگر کی کوالٹی میں کمی کیوں ہوئی؟ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بنک کے اعداد و شمار کے بعد ملکی معیشت کی بدحالی دیکھ کر دل بیٹھ گیا ہے ن لیگ کے ذمہ دار قوم کو جواب دیں کہ سی پیک منصوبوں کے ثمرات کہاں ہیں؟ قوم کو کہا گیا تھا یہ گیم چینجر منصوبہ ہے مگر سی پیک کی وجہ سے پاکستان کے تاجر، پاکستان کے صنعتکار، پاکستان کے کسان سب رو رہے ہیں۔
تبصرہ