فائرنگ کے واقعہ کو ’’لوہے کے چنے ہیں‘‘ کے تناظر میں دیکھا جائے: خرم نواز گنڈاپور
فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش کا آغاز پنجاب کے وزیر لا قانون سے کیا
جائے: سیکرٹری جنرل PAT
سسیلین مافیا کی اب مذمت نہیں مرمت کی ضرورت ہے، عوام عدلیہ کے محافظ ہیں
لاہور (15 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ فائرنگ کے شرمناک واقعہ کو’’ لوہے کے چنے ہیں‘‘ اور ’’زمین تنگ کر دیں گے‘‘ جیسے دھمکی آمیز بیانات کے تناظر میں دیکھا جائے اور فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش کا آغاز پنجاب کے وزیر لا قانون سے کیا جائے۔ مجھے یقین ہے کھرا ماسٹر مائنڈز کے گھر تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے سسیلین مافیا کے طریقہ واردات کے عین مطابق ہے، سسیلین مافیا نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کر دیا اب اس مافیا پر پاکستان کی زمین تنگ کر دینے کا وقت آ گیا ملکی ادارے اور 21 کروڑ عوام اتنے کمزور نہیں کہ مافیاریاست کو یرغمال بنا سکے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ جو مافیا ماڈل ٹاؤن میں سو لوگوں کو گولیاں مار سکتا ہے اور 14لاشیں گرا سکتا ہے وہ کسی حد تک بھی گر سکتا ہے۔ سب کو علم ہے فائرنگ کروانے والے کون لوگ ہیں اور انکے مقاصد کیا تھے؟ انہوں نے کہاکہ24گھنٹے پہلے ایک بیان داغا گیا کہ کارکن کال کا انتظار کریں اور وہ کال جیسے ہی آئی معزز جج کے گھر پر فائرنگ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن سیاسی جماعتیں اور وکلاء برادری اب خالی مذمتی بیانات پر اکتفا نہ کریں یہ فیصلے کی گھڑی ہے مذمت نہیں مافیا مرمت سے سدھرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 کروڑ عوام عدلیہ کے محافظ ہیں۔
تبصرہ