نااہل ٹولے نے جو بویا آج دونوں ہاتھوں سے کاٹ رہا ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئینی ایوانوں میں بدعنوانوں کا داخلہ روکنے میں مدد ملے گی
ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن اور احتساب عدالت کے فیصلے آنا باقی ہیں، سربراہ عوامی تحریک
ہر فرعون کی گرفت کا وقت مقرر ہے، ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہیں عرش تک پہنچیں
لاہور (13 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت ہونے والی نااہلی کی مدت تاحیات مقرر کیے جانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے متفقہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ سے آئینی ایوانوں میں بدعنوانوں کا داخلہ روکنے میں مدد ملے گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ آئین کی طاقت سے کرپشن، بدعنوانی اور جھوٹ کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا جائے۔
انہوں نے نااہلی مدت میں فیصلہ آنے کے بعد اپنے موقف میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 62 ون ایف کی تشریح کر کے ایک اہم آئینی فریضہ انجام دیا ہے، شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے فیصلہ سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ بدعنوانی کے خاتمہ کی قومی جنگ میں محب وطن عوام، دانشور حلقے سپریم کورٹ ایک پیج پر ہیں۔ نااہل، قاتل اور کرپٹ ٹولے نے جو بویا آج دونوں ہاتھوں سے کاٹ رہا ہے۔ یہ ابھی ابتدا ہے، ان کا عبرتناک انجام پوری دنیا دیکھے گی۔ ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن اور احتساب عدالت کے فیصلے آنا باقی ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نااہل ٹولہ اپنی کرپشن اور جھوٹ پکڑے جانے پر جس طرح پاکستان کی سب سے بڑی عدالت اور اس کے معزز ججز کو ٹارگٹ کررہا ہے وہ شرمناک اور قابل گرفت ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور کرپٹ نواز شریف کے کیس میں کوئی مماثلت نہیں، احتساب عدالت میں دائر کرپشن ریفرنسز کے فیصلے کرپٹ اشرافیہ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی سسکیاں اور آہیں عرش تک پہنچیں اور مظلوموں کے حق میں اللہ کا امر نازل ہورہا ہے۔ ہر فرعون اور نمرود کی گرفت کا ایک وقت مقرر ہے۔
تبصرہ