اداروں کیخلاف فسادی مہم چلانے پر نااہل تنہا ہو گیا
ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے پر نواز شریف کا ٹرائل کیا جائے:خرم نواز گنڈاپور
حیرت ہے منی لانڈرنگ کرنیوالے نواز شریف حساب لینے کی دھمکیاں واجد ضیاء کو دے رہے
ہیں؟
’’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘‘ شریف خاندان نیب، جے آئی ٹی اور عدلیہ کو دھمکیاں
دینا بند کرے
جرآت مند نواز شریف نام لے کر بتائیں ان کے خلاف انتقامی کارروائی کون کررہا ہے؟
لاہور (11 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جرآت مند نواز شریف نام لیکر بتائیں ان کے خلاف انتقامی کارروائی کون کررہا ہے؟ حیرت ہے اربوں کی منی لانڈرنگ شریف خاندان نے کی اور نواز شریف حساب لینے کی دھمکیاں واجد ضیاء کو دے رہے ہیں، یہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا معاملہ ہے،ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے پر نواز شریف کا ٹرائل کیا جائے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قوم پاناما کے چوروں کے ساتھ نہیں، عدل کا پرچم بلند کرنے والی سپریم کورٹ،جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء، نیب اور احتساب عدالت کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ جوں جوں فیصلے کی گھڑی قریب آرہی ہے شریف خاندان کی مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے، عدلیہ اور فوج کے خلاف فسادی مہم چلانے کی وجہ سے نااہل اور ملزم نواز شریف تنہا ہو گئے ہیں، محب وطن اور عزت دار اراکین پارلیمنٹ نااہل ٹولے کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں، ایک بڑی تعداد 31 مئی سے پہلے پہلے اقامہ ہولڈر فسادی ٹولے کا ساتھ چھوڑ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن اور لوٹ مار 85ء سے بھی پہلے سے جاری ہے، نواز شریف اقتدار میں آئے ہی خاندانی دولت میں اضافہ کرنے کیلئے تھے مگر احتساب کا آغاز32 سال بعد شروع ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ نواز شریف جتنے مرضی ناٹک کر لیں، جملہ بازی کر لیں، کرپشن کیسز کی سزاؤں سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے، جلد اقامہ لیگ کے تمام کارندے جیلوں میں ہونگے اور عبرت کا نشان بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ میں نے کون سا ملکی مفاد کے خلاف کام کیا؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ملکی مفاد کے خلاف کام کرنا کوئی رازداری کی بات نہیں ہے البتہ ان کے خلاف ایکشن نہ ہونا اچنبھے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیکنیشن ملازمین کے روپ میں مشکوک عناصر ان کی خاندانی ملوں میں طویل عرصہ رہائش پذیر رہے اور پھر جب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھارتیوں کے پاسپورٹ نمبر اور نام میڈیا کو جاری کیے تو اسی لمحے رمضان شوگر مل کو آگ لگنے اورریکارڈ جلنے کی خبر آگئی اور بھارتی ٹیکنیشن فرار کروا دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں مودی کس ویزے پر اور کس ایجنڈے پر ان سے خفیہ ملاقاتیں کرتا رہا اور ہر ملاقات میں فارن آفس کا آدمی ساتھ کیوں نہیں بٹھایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں جندال سے مری میں ون ٹو ون ملاقات کا کیا ایجنڈا تھا اور نواز شریف نے بطور وزیراعظم کلبھوشن کا نام لے کر مذمت کرنے سے انکار کیوں کیا؟۔ ابھی بھی وہ کہتے ہیں کہ میں نے کون سا ملکی مفاد کے خلاف کام کیا؟ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے بھی نواز شریف کو ٹرائل کیا جائے۔
تبصرہ