جن ایوانوں میں قاتل اور کرپٹ بیٹھیں انہیں ضرور تالے لگنے چاہئیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
نواز شریف ملکی سیاست کا ایک کرپٹ، مشکوک اور کنفیوژڈ کردار ہیں
چیف جسٹس وہ کام کر رہے ہیں جو حکمرانوں نے 5سال نہیں کئے
معصوم مبشرہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری قابل مذمت اور حکومت کی ناکامی ہے، گفتگو
لاہور (4 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جن ایوانوں میں قاتل، نا اہل اور کرپٹ مسلط ہوں انہیں ضرور تالے لگ جانے چاہئیں۔ نواز شریف ملکی سیاسی کا ایک کرپٹ، مشکوک اور کنفیوژڈ کردار ہیں، ہم 28سال سے اشرافیہ کی کرپشن، بد عنوانی، نا اہلی اور اس ظلم پر مبنی نظام کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، الحمد اللہ ماضی میں جو حقائق قوم کے سامنے رکھے آج ان پر عدالتوں سے فیصلے آ رہے ہیں، آئین کے آرٹیکل 62اور 63 کی اہمیت ہم نے اجاگر کی اور قوم کو یہ آرٹیکلز حفظ کروائے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ وہ کام کر رہے ہیں جو حکمرانوں نے 5سال نہیں کئے، جو حکمران عوام کو صاف پانی، صحت کی بنیادی سہولتیں اور انصاف فراہم نہ کر سکیں، انہیں دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ وہ عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے اہل پاکستان کو سیاست کے کرپٹ اور ظالم کرداروں سے نجات کا موقع فراہم کیا ہے، اللہ بھی احوال کی تبدیلی کیلئے ان قوموں کی مدد کرتا ہے جو اس حوالے سے آمادہ عمل ہوں۔ قوم کرپشن کے خاتمہ کی حالیہ پیش رفت کو موقع غنیمت جانے۔ گلی، نالی کی تعمیر، پلاٹ، پرمٹ، ٹھیکہ، نوکری کی سیاست سے بالا ہو کر ملک کیلئے سوچیں جب ایماندار نمائندے اسمبلیوں میں آئینگے تو بنیادی مسائل از خود حل ہو جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ٹارگٹ کرنے والے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کی خود ہی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ آئینی ادارے کے منتخب چیئرمین کے خلاف منفی مہم بند ہونی چاہیے۔ نواز شریف کا نظریہ انقلاب آخری سانس تک اقتدار میں رہنے اور لوٹ مار کو تحفظ دینے کی ناکام کوشش ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ جڑانوالہ کی معصوم مبشرہ اور عابدہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری قابل مذمت ہے، قاتل بلا تاخیر گرفتار کئے جائیں۔ اشرافیہ کے اقتدار کی آخری گھڑیاں بھی معصوم بچیوں اور ان کے والدین پر قیامت بنی ہوئی ہیں۔
تبصرہ