عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارٹی کے اندر وسیع تر مشاورت شروع ہے: خرم نواز گنڈاپور
کشمیرمیں بھارتی مظالم قابل مذمت، فلسطین سے کشمیر تک انسانیت
جل رہی ہے
الیکشن سے قبل نئے منصوبوں کے افتتاح پر پابندی خوش آئند، مزید اقدامات کی ضرورت ہے
لوڈشیڈنگ 16 گھنٹے ہے، نواز، شہباز کے سارے دعوے جھوٹ نکلے، مشاورتی اجلاس
جڑانوالہ کی 6 سالہ معصوم بچی کے قاتل گرفتار کیے جائیں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات PAT
لاہور (2 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارٹی کے اندر وسیع تر مشاورت شروع کر دی ہے، تمام تنظیمات کو امیدواروں کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ کو مطلع کرنے کے بارے مراسلہ لکھ دیا ہے، تمام تر تحفظات کے باوجود آئندہ عام انتخابات کا حصہ بنیں گے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پارلیمانی بورڈ کی تشکیل اور حتمی امیدواروں کے بارے میں فیصلہ کرینگے۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں وہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نئے منصوبوں کے افتتاح اور تشہیرپر پابندی کا اقدام قابل قدر ہے اس پر سختی سے عمل ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں پر بھی تحفظات ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کا پرانا فارم بحال ہونا چاہیے تاکہ کوئی ڈیفالٹر، عادی قرض خور اور سنگین جرائم میں ملوث شخص قانون اور عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونک سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترنے والوں کو ہی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔ اجلاس میں جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، شہزاد رسول، عارف چودھری، حافظ غلام فرید و دیگر رہنما شریک تھے۔
خرم نوازگنڈاپورنے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ گزشتہ چند روز میں بھارتی فوج نے کشمیری عوام کا جینا دوبھر کر دیا یہ ظلم بند ہونا چاہیے، فلسطین سے لے کر کشمیر تک انسانیت جل رہی ہے، اقوام متحدہ کا ادارہ کیا تیسری عالمی جنگ کا انتظار کررہا ہے؟ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے بعد بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے ہے، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے نواز، شہباز کے سارے دعوے جھوٹے نکلے، موسم گرما کے پہلے مہینے میں ہی طویل لوڈشیڈنگ نے دیہاتی زندگی کا پہیہ جام کر دیا۔ قومی مجرم ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر اپنی ناکام حکومت اور جھوٹے دعوؤں کے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے جڑانوالہ میں 6 سالہ تشدد زدہ بچی کی ایک اور لاش ملنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہر دوسرے دن معصوم بچیوں کی لاشیں مل رہی ہیں، قصور کے واقعہ کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ بچیوں کو قتل کرنے کے سنگین واقعات کا سدباب ہو گا مگر پنجاب حکومت ہر واقعہ کے بعد کچھ نمائشی بیانات جاری کرتی ہے اور پھر پرانی ڈگر پر واپس آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کے واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کیلئے وہی اقدامات بروئے کار لائے جائیں جو معصوم زینب کے قاتل عمران کو گرفتار کرنے کیلئے لائے گئے تھے۔
تبصرہ