احتساب کیلئے چند ماہ الیکشن میں تاخیر سے کوئی قیامت نہیں ٹوٹے گی: عوامی تحریک پنجاب
ڈمی وزیراعظم چیئرمین سینیٹ سے معافی مانگیں، خرم نواز گنڈاپور،
اسرائیلی مظالم قابل مذمت ہیں:بشارت جسپال
لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بیان جھوٹ کا پلندا ہے:ریحان مقبول، اجلاس میں رکنیت سازی مہم
شروع کرنیکا فیصلہ
لاہور (31 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے ہنگامی اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اعلان جنگ جیسے الفاظ استعمال کرنے پر ڈمی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک آئینی ادارے کے سربراہ کا ایک آئینی ادارے کے خلاف اعلان جنگ کا اعلان آئین، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کی توہین ہے، پوری ن لیگ نااہل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوری اخلاقیات کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے۔ ڈمی وزیراعظم چیئرمین سینیٹ سے معافی مانگیں اجلاس میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے نہتے پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہید فلسطینیوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں سانحہ کی ازسرنو تفتیش کیلئے بااختیار جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے ترجمان واپڈا کی طرف سے لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے دعوے کو جھوٹ کا پلندا قرار دیا گیا اور کہا کہ ساری حکومت اور اس کی مشینری نااہل کے ایجنڈے کے مطابق جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کرنے میں مصروف ہے۔ اجلاس میں پنجاب میں رکنیت سازی اور تنظیم سازی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے امیدواروں سے درخواستیں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو بعدازاں مرکزی پارلیمانی بورڈ میں پیش کی جائینگی۔
اجلاس کی صدارت سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول، سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے خطاب کیا، اجلاس میں قاری مظہر محمود، میاں عبدالقادر، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چودھری وسیم ہمایوں، میاں محمد رضا، چودھری ذوالفقار ایڈووکیٹ نے بھی اظہارخیال کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ احتساب کے بغیر انتخاب ہوئے تو پھر گندگی لوٹ کر آئے گی، احتساب کا عمل مکمل ہونا چاہیے چند ماہ کی تاخیر سے کوئی قیامت نہیں ٹوٹے گی، قاتل اور قومی لٹیرے ایوانوں کی بجائے جیلوں میں جانے چاہئیں، کرپشن میں ملوث عناصر کو انتخابی عمل کا حصہ بننے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
بشارت جسپال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوامی تحریک کا ووٹر ہار اور جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک واحد جماعت ہے کہ جس کاپاکستان کے ہر قومی و صوبائی حلقے میں تنظیمی نیٹ ورک اور ووٹ بنک موجود ہے۔ جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے نام پر ن لیگ قومی خزانے کو انتخابی مہم کے طور پر استعمال کررہی ہے، ہم ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور نئے منصوبوں کے افتتاح پر پابندی لگائے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں
تبصرہ