وفاقی وزیر اطلاعات نے بد ترین توہین عدالت کی: خرم نواز گنڈاپور
کھربوں کے اثاثے سنبھالنے والے حسن نواز، حسین نواز والدہ کی دیکھ بھال بھی کر سکتے ہیں
نواز شریف کو ایٹم بم بنانے پر نہیں، جھوٹ پر نکالا گیا، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (22 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف کے اربوں کھربوں کے اثاثوں کو سنبھالنے والے حسن نواز اور حسین نواز اپنی والدہ کی دیکھ بھال بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے بد ترین توہین عدالت کی۔ مریم اورنگزیب کے علم میں ہونا چاہیے بے ضمیر وہ ہیں جنہوں نے قوم کی دولت کو لوٹا اور پھر پارلیمنٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک جھوٹ بولا اور پھر نا اہل ہو گئے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سپریم کورٹ، فوج اور اپوزیشن کو صبح و شام گالیاں اور دھمکیاں دینے والے باپ بیٹی کے چہرے سے کیا لگتاہے کہ انہیں کلثوم نواز کی بیماری کی کوئی فکر ہے؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں پر نہیں جھوٹ بولنے پر نکالا گیا اور وہ جلد کرپشن پر جیل کے اندر ہونگے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اسی نواز، شہباز کے حکم پر ماڈل ٹاؤن کے شہید محمد اقبال کے بیٹے آصف اقبال کو باپ کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور تنزیلہ امجد شہید کی بیٹی بسمہ بھی آج کے دن تک اپنی ماں کی یاد میں تڑپ رہی ہے؟ اس کا کیا قصور تھا کہ شریف برادران نے ان کی زندگی چھینی۔ انہوں نے کہاکہ آج وہی ظالم خاندان مکافات عمل کا شکار ہے اور سڑکوں پر ذلیل و رسوا ہو رہا ہے۔ یہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثاء کی سسکیاں ہیں جن کی وجہ سے پورا شریف خاندان رل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم صفدر کی ملازمہ وفاقی وزیر اطلاعات عدالت کے بارے میں اپنا لب و لہجہ درست کریں۔
تبصرہ