سپریم کورٹ کا لارجر بنچ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنایا جائے: خرم نواز گنڈاپور
قوم اور قومی ادارے ایکشن پلان پر متحد ہوئے جس کی دھجیاں اڑائی گئیں
قاتل اعلیٰ نے ماڈل ٹاؤن کے شہید اقبال کے بیٹے کو جنازہ میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی
احد چیمہ نے کرپشن نہیں کی تو پنجاب حکومت نے معطل کیوں کیا؟ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (19 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قوم اور قومی ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان پر متحد ہوئے اس اتحاد کی دھجیاں نواز شریف اور شہباز شریف نے اڑائیں، نتیجتاً آج پاکستان کو دہشتگردوں کی بلیک اور گرے لسٹ میں شامل کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اداروں کو اکٹھا ہونے کے مشورے ملک و قوم کیلئے نہیں معاشی جرائم کی پردہ پوشی کیلئے ہیں۔ سپریم کورٹ کا لارجر بنچ ملتان میٹرو کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننا چاہیے، احد چیمہ کیلئے آدھی رات کو کابینہ کا اجلاس بلانے والے اور سول سیکرٹریٹ کو تالے لگوانے والوں نے اسے معطل کر کے کرپشن کے حوالے سے نیب کے مؤقف کی حمایت کی، یہ کرپشن احد چیمہ نے نہیں شہباز شریف نے کی، شہباز شریف کو اقتدار پر مسلط رہنے کا اب کوئی حق نہیں۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا سورج غروب ہو چکا، شہباز شریف کا کوئی ڈرامہ اشرافیہ کی کرپٹ سیاست میں جان نہیں ڈال سکے گا۔ کرپشن ریفرنسز کے فیصلے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہونگے۔ کرپٹ مافیا بیرون ملک بھاگنے کی تیاری میں ہے، کسی کرپٹ کو قومی دولت واپس کئے بغیر ملک سے باہر نہ جانے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرپشن کے خاتمے کی کامیاب مہم میں 100 ارب ڈالر ریکور ہوئے، پاکستانی شہزادوں سے بھی قومی خزانے کی پائی پائی ریکور کی جائے اور ریکوری کے بغیر کسی کو دائیں بائیں نہ ہونے دیا جائے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جو لوگ تیمارداری کی آڑ میں لندن جانا چاہتے ہیں انہیں یہ اجازت نہیں ملنی چاہیے یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید محمد اقبال کے جواں سال بیٹے آصف اقبال کو 17 جون 2014 کے دن بلا جواز گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا تھا اور اسے باپ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی قانونی جنگ میں تمام اداروں کے ایک میز پر بیٹھنے کے حامی ہیں۔
تبصرہ