ن لیگ کا اقتدار جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے آفت ہے: عوامی تحریک پنجاب
لاہور کی سڑکوں پر پھول بوٹے بنانے پر 4 ہزار ارب خرچ کرنیوالے کس ترقی کی بات کرتے ہیں؟
ہسپتال دوائی، سکول تعلیم اور نوجوان روزگار سے محروم ہیں، چودھری فیاض وڑائچ صدر پنجاب کا ردعمل
لاہور (17 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے شہباز شریف کے ڈیرہ غازی خان جلسے کے ردعمل میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے حوالے سے ڈٹ کر جھوٹ بولے، وزیراعلیٰ کے نئے ’’فینسی دعوؤں‘‘ کی کوئی حیثیت نہیں، وزیراعلیٰ نئے کرتب دکھانے کی بجائے 10سال کی کارکردگی کا حساب دیں انہوں نے اس طویل ترین عرصہ اقتدار میں جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے کیا کیا؟ وہ ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کسان فصل کے پورے معاوضے اور سستی کھاد بجلی سے محروم ہیں، عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، ہسپتال دوائی اور سکول تعلیم سے محروم ہیں، نوجوان روزگار اور تھانے انصاف سے محروم ہیں، شہباز شریف کا اقتدار جنوبی پنجاب کیلئے آفت کی طرح تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے لاہور کی سڑکوں پر پھول بوٹے بنانے پر چار ہزار ارب خرچ کرڈالے، جنوبی پنجاب کا تعلیم اور ہیلتھ کا بجٹ میٹرو بس لاہور اور اورنج ٹرین پر خرچ کیا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ملتان، راجن پور کے باشعور عوام اب اشرافیہ کے کسی نئے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ سرکاری خرچ پر انتخابی جلسے پری پول رگنگ ہیں، چیف جسٹس نوٹس لیں۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ پنجاب میں 44 فیصد بچے سکولنگ سے محروم ہیں اور اس محرومی کا شکار 70 فیصد بچوں کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، سب سے زیادہ بچوں کا ڈراپ آؤٹ ریٹ جنوبی پنجاب میں ہے، انہوں نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں جنوبی پنجاب میں 60 فیصد صحت کے بنیادی مراکز ویران پڑے ہیں جہاں ڈاکٹر تو کیا نہ طبی عملہ ہے نہ دوائی، گزشتہ 10 سال میں جنوبی پنجاب میں سٹریٹ کرائم اور مویشی چوری کے جرم میں 40 فیصد اضافہ ہوا، تھانے میں رشوت خوری بڑھی، رشوت کے بغیر ایف آئی آر درج ہوتی ہے نہ تفتیش کا آغاز۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت جنوبی پنجاب میں اور سب سے زیادہ مہنگائی بھی جنوبی پنجاب میں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کس ترقی کی بات کرتے ہیں، اب ان کا کوئی دھوکہ اثر نہیں دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں اور انہیں جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل اور محرومیوں کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کو جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی عبرتناک سزا ملے گی۔
تبصرہ