معصوم بچیوں کے ساتھ بداخلاقی کے واقعات بڑھ گئے: فیاض وڑائچ
فیروزوالہ اور ملتان میں واقعات افسوسناک، درندے چوراہوں میں لٹکائے جائیں
قوم کی بچیوں کی زندگیاں برباد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، صدر جنوبی پنجاب PAT
لاہور (15 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چودھری فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ توقع کی جارہی تھی کہ معصوم بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والے سانحہ کے بعد سنگین واقعات میں کمی آئے گی مگرایسا نہیں ہو سکا، پولیس کا فرسودہ سیاست زدہ ڈھانچہ، ناقص پراسیکیوشن اور پیچیدہ نظام انصاف ایک بڑا مسئلہ ہے، نتیجتاً معصوم بچیوں کے ساتھ بداخلاقی کے واقعات بڑھ گئے اور والدین میں تشویش اور خوف ہے، وہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فیروزوالا اور ملتان میں معصوم بچیوں کے ساتھ واقعات پیش آئے ہیں اس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ اگر قاتل عمران کی سزا پر بلاتاخیر عمل ہو جائے اور قاتل کو چوراہے میں لٹکا دیا جائے تو اس سے ذہنی بیمار اور مجرمانہ ذہنیت والے عناصر عبرت پکڑیں گے مگر ہمارے نظام انصاف کا یہ ایک کمزور پہلو ہے، اول تو بروقت فیصلے نہیں ہوئے اور اگر فیصلے ہو جائیں تو سزاؤں پر بلاتاخیر عمل نہیں ہو پاتا، انہوں نے کہا کہ معصوم بچیوں کی زندگیاں برباد کرنے والے درندہ صفت مجرموں کیلئے قانون بننا چاہیے کہ انہیں چوراہوں پر لٹکایا جائے گا، فیاض وڑائچ نے کہا زینب کے والد حاجی امین انصاری نے چیف جسٹس کے نام درخواست میں تحفظ مانگا ہے اور استدعا کی ہے کہ سہولت کاروں سے تفتیش کی جائے اور اس مطالبہ پر انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ جب تک سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی نہیں ہو گی جرم ختم نہیں ہو گا۔
تبصرہ