شہباز شریف نے پہلوان گرا کر بھائی کو جوتا لگنے کی خوشی منائی: بشارت جسپال
ن لیگ کے قائمقام صدر نے گوجرانوالہ میں نا اہل کے بیانیے کو
مسترد کر دیا : صدر پنجاب PAT
ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی سیاست جھوٹ سے شروع ہو کر جھوٹ پر ختم ہوتی ہے
لاہور (11 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ بڑے بھائی کو جوتا لگنے پر چھوٹے بھائی نے گوجرانوالہ کے سیاسی سٹیج پر پہلوان کو گرانے کا کرتب دکھا کر اپنی والہانہ خوشی کا اظہار کیا، جبکہ جوتا لگنے کے افسوسناک واقعہ پرپارٹی رہنماء شہباز شریف سے سنجیدگی کی توقع کر رہے تھے مگر ن لیگ کا قائمقام صدر اپنی خوشی پر قابو نہ رکھ سکا۔ نواز شریف اپنے دشمن باہر نہیں گھر کے اندر تلاش کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جامعہ نعیمیہ میں پیش آنیوالے انتہائی افسوسناک اور اذیت ناک واقعہ پر فضا سوگوار تھی مگر شہباز شریف نے روایتی کرتب دکھا کر سب کو خوش کرنے کی روایتی چالبازی دکھائی۔
بشار ت جسپال نے شہباز شریف کے جلسہ پر اپنے ردعمل میں کہاکہ نا اہل کی بیٹی کے بیانیے کا انکے انکل نے دو گھنٹے بعد ہی حشر نشر کر دیا ، مریم صفدر نے حسب سابق عدلیہ کے خلاف کچہری لگائی اور با پ کی نا اہلی اور کرپشن ریفرنسز پر چیخ و پکار کی جبکہ شہباز شریف نے اپنے گوجرنوالہ کے خطاب میں نواز شریف کے بیانیے کو کوئی لفٹ نہیں کرائی اور اپنے نام نہاد ترقیاتی کارناموں کا بیانیہ پیش کیا۔ بشارت جسپال نے کہاکہ نواز شریف ، مریم نواز عدلیہ کے خلاف قوم کو قائل کرنے سے پہلے اپنے قائمقام صد ر کو قائل کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ شہباز شریف سڑکوں، پلوں کے کارنامے بیان کرنے سے پہلے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام پر بھی اپنا بیانیہ پیش کریں۔ انہوں نے جسٹس باقرنجفی کمشن کے روبرو بیان حلفی دیا تھا کہ انہوں نے علم ہونے پر پولیس کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیا جبکہ جسٹس باقر نجفی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ایسا کوئی حکم سرے سے جاری ہی نہیں کیا گیا ، شریف برادران کا بیانیہ جھوٹ سے شروع ہو کر جھوٹ پر ختم ہوتا ہے۔
تبصرہ