عوامی تحریک کے رہنماؤں کی چودھری عرفان یوسف پر فائرنگ کی مذمت
ڈاکٹر طاہرالقادری کے نوجوان پرامن اور فروغ علم کے لیے کوشاں ہیں: فیاض وڑائچ
حملہ میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کیا جائے: بشارت جسپال/ میاں ریحان مقبول
لاہور (10 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن اسمبلی فیاض وڑائچ، سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف کی گاڑی پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ کرنے والے جرائم پیشہ جملہ عناصر کی گرفتاری اور انہیں عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق تعلیمی اداروں میں امن کا پیغام عام کررہے ہیں اور تعلیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ ایم ایس ایم کے نوجوان بورے والا میں پرامن طریقے سے اپنا تنظیمی کام کررہے ہیں جو علم اور امن کا فروغ ہے مگر یہ قومی اسلامی خدمت جرائم پیشہ عناصر کو پسند نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ آئے روز قانون کو ہاتھ میں لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورے والا میں قبضہ گروپ انہیں اپنے لیے خطرہ سمجھتا ہے اور اس قبضہ گروپ کومقامی سیاسی سرپرستی حاصل ہے، اس گروہ نے غیر طلبا عناصر کا ایک گروپ تشکیل دے رکھا ہے جو اپنی مذموم کارروائیوں کیلئے خوف و ہراس پھیلاتا رہتا ہے، ایم ایس ایم کے نوجوانوں پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ عرفان یوسف پر فائرنگ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی قیادت عرصہ دراز سے ڈسٹرکٹ پولیس وہاڑی اور بورے والا کو خبردار کررہی ہے کہ وہ غنڈہ عناصر کو نکیل ڈالیں ورنہ کوئی بڑا سانحہ جنم لے سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یوتھ لیگ کے کارکن ہوں یا ایم ایس ایم کے ہمیں اپنے کارکنوں کی امن پسندی کا علم ہے، ہمارا کارکن کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔ مقامی پولیس سیاسی دباؤ سے نکل کر قانون کے مطابق کام کرے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کٹہرے میں لائے۔
تبصرہ