تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
پوری کوشش ہے سینیٹ کے چیئرمین کا مقدس عہدہ جھوٹی لیگ کو نہ
ملے: اعجاز چوہدری
ن لیگ ریاستی عہدے نااہل کو بچانے کیلئے استعمال کر رہی ہے: سیکرٹری جنرل عوامی
تحریک
لاہور(8 مارچ 2018) پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما اعجاز چوہدری نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوازشریف سیکیورٹی رسک بن چکے، ن لیگ کے وزراء نااہل کی ڈائریکشن پر اداروں کی تذلیل کر رہے ہیں، نواز شریف اور توہین عدالت کے مرتکب جملہ وزراء اور عہدیداروں کو نہال ہاشمی کی طرح جیل کی سزا ہونی چاہیے۔ ن لیگ نے کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور لاقانونیت کے منفی کلچر کو پروان چڑھایا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قاتل کرپٹ اشرافیہ کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے قانونی، سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کوئی بھی ریاستی عہدہ ن لیگ کے پاس ہو گا تو اس عہدے کو نااہل نواز شریف اپنے تحفظ کیلئے استعمال کریں گے۔ ن لیگ کو اقتدار کے ایوانوں سے ہمیشہ کیلئے کک آؤٹ کرنا ہی قومی مفاد ہے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی بجائے ایک خاندان کی نوکری کر رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی وزرات عظمیٰ کے منصب کی توہین کر رہے ہیں، نواز شریف اور غلامان نواز شریف کرپشن کیسز کی سزاؤں سے بچنے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کا مقدس عہدہ جھوٹی لیگ کو نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحریک انصاف اپنا بھرپور قومی سیاسی کردار ادا کرے گی۔
تبصرہ