نواز شریف چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ریاست کو کمزور کرنے کیلئے استعمال کرینگے: خرم نواز گنڈاپور
پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف مل کر نااہل کی باقیات کو سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے سے روک سکتے ہیں
چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کو دے کر ریاست کو مضبوط اوراشرافیہ کی سازشوں کا توڑ کیا جا سکتا ہے
آصف علی زرداری اور عمران خان کے نمائندے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک بار مل بیٹھیں
نہال ہاشمی کی ججز کے بارے میں غلیظ زبان قابل مذمت ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (6 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف چیئرمین سینیٹ کا عہدہ اپنی ذات کے تحفظ اور ریاست کو کمزور کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف مل کر نااہل کی باقیات کو سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے سے روک سکتے ہیں۔ آصف علی زرداری اور عمران خان کے نمائندے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ایک بار مل بیٹھیں اور ٹھنڈے دل و دماغ سے ملکی صورت حال کا جائزہ لیں، چیئرمین سینیٹ کا عہدہ چھوٹے صوبے بلوچستان کو دے کر ریاست کو مضبوط اور اشرافیہ کی سازشوں کا توڑ کیا جا سکتا ہے۔ وہ عوامی تحریک کے سینئر عہدیداروں کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب معاملہ ملک، قوم اور ریاست کے مفاد کا ہو تو پھر سیاسی اختلافات کو اہمیت حاصل نہیں ہونی چاہیے۔ 70ء کی دہائی میں متضاد عقیدے والے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو گئے تھے سیاسی اختلاف والے یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھے کیوں نہیں ہو سکتے؟ سینیٹ میں اپوزیشن کی مفاہمت کا فائدہ ملک اور جمہوریت کو ہو گا۔ ہر جماعت اپنی سیاست اور اپنے منشور پر قائم رہتے ہوئے مشترکہ دشمن سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔ نواز شریف ذہنی توازن کھو بیٹھے اور ’’ان گائیڈڈ ‘‘ میزائل ہیں۔ وہ ہر حالت میں کرپشن ریفرنسز کی سزاؤں سے بچنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے کچھ بھی قربان کر سکتے ہیں، انہیں ریاستی طاقت اپنی لوٹ مار کے تحفظ اور سزاؤں سے بچنے کیلئے چاہیے، عدلیہ نے کرپشن کے خاتمے کیلئے انتہائی جرات مندی کے ساتھ اپنی حصے کا آئینی کام کر دیا، بقیہ کام عوام اور محب وطن سیاسی جماعتوں کے کرنے کا ہے۔ اگر اب کرپٹ عناصر لوٹ آئے تو پھر ملک اور قوم کا اللہ ہی حافظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقبولیت اور ضمنی الیکشن جیتنے والے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے، الطاف حسین بھی کراچی، حیدر آباد میں بھاری اکثریت کے ساتھ الیکشن جیتا کرتے تھے۔ الیکشن جیتنے سے کسی کو ملک لوٹنے، جھوٹ بولنے، منی لانڈرنگ کرنے اور اثاثے چھپانے کا لائسنس نہیں مل جاتا۔ خرم نواز گنڈاپور نے سزا یافتہ نہال ہاشمی کی طرف سے ججز کے بارے میں غلیظ زبان کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اچھی تعلیم و تربیت اور خاندانی حسب نسب والا شخص ایسی بیہودگی نہیں کر سکتا، نہال ہاشمی اپنے نااہل آقا کے اشارے پر غلاظت اگل رہے ہیں۔ یہ لوگ ایوانوں میں نہیں جیلوں میں بیٹھنے کے لائق ہیں۔ لگتا ہے ’’بیروزگار‘‘ نہال ہاشمی باقی ساری عمر جیل کی دال روٹی کھانے کا ارادہ کر چکے ہیں۔
تبصرہ