چیئرمین سینیٹ کاالیکشن آرٹیکل 218 کے مطابق ہوا تو نااہل شکست کھائینگے: ڈاکٹر طاہرالقادری
نواز شریف کے بیانیے نے ن کے قلعہ پنجاب میں دراڑ ڈال دی، جلد کرپشن کی عمارت زمین بوس ہو گی، گفتگو
2012ء میں لانگ مارچ کر کے آئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل اور انتخابی اصلاحات کی اہمیت اجاگر کی تھی
لاہور (4 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے نے ن لیگ کے قلعہ پنجاب میں دراڑ ڈال دی، جلد کرپشن، سازش کے اینٹ گارے سے بنی ہوئی یہ سیاسی عمارت ملبے کا ڈھیر بنے گی۔ بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ میں سیاسی اجنبی نواز شریف کا ''مجھے کیوں نکالا'' کا بیانیہ پٹ چکا، چئیرمین سینٹ کا الیکشن آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے مطابق ہوا تو ن لیگ شکست کھائے گی۔ سینٹ الیکشن میں کروڑوں سے بھاؤ شروع ہوا جو چیئرمین سینٹ کے لئے اربوں تک جائے گا، پہلی بار فیصلہ آزاد امیدوار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا برتر آئینی ادارہ ریاست کے تمام ستونوں کے درمیان توازن کیلئے قائم کیا گیا تھا مگر افسوس اسے کھرب پتیوں کا گپ شپ کلب بنائے جانے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں الیکشن کمیشن کا کردار ہمیشہ کی طرح ایک اپاہج والا رہا جو الیکشن بھی اس نظام اور اس ساخت کے الیکشن کمیشن کے تحت ہوگا نااہل، قاتل، ٹیکس چور جیت کر آئیں گے اور حکومت بنائیں گے الیکشن کمیشن کے موجودہ ذمہ داران نے ادارے کو مؤثر، آزاد خود مختار بنانے کی بجائے مصلحت خاموشی اور عافیت سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2013 میں انتخابی اصلاحات آئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل کے لئے لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کیا تھا اور کہا تھا انتخابی نظام کو آئین کے تابع کرنا ہوگا حقیقی جمہوریت لانے اور پارلیمنٹ میں عوام کے اصلی نمائندے بٹھانے کے لئے اول تا آخر انتخابی نظام العمل کو بدلنا ہو گا۔
تبصرہ