شہباز شریف نے باقر نجفی کمیشن کے سامنے حلف اٹھا کر جھوٹ بولا: خرم نواز گنڈاپور
احد چیمہ کا نیب کے لاک اپ میں ہونا شہباز شریف کی کرپشن کا
زندہ ثبوت ہے
میٹرومنصوبہ شفاف ہوتا تو ایل ڈی اے پلازہ کو آگ نہ لگتی، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (یکم مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف قاتل اعلیٰ اور پنجاب کا سب سے بڑا جھوٹا شخص ہے۔ شہباز شریف نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کے سامنے حلف اٹھا کر جھوٹ بولا اور شہباز شریف نے کہا کہ 17 جون 2014 ء کے دن پولیس کو ہٹنے کا حکم دیا تھا مگر معزز جج جسٹس باقر نجفی کمیشن نے قرار دیا کہ ایسا کوئی حکم دیا جانا ثابت نہیں ہوا۔ دونوں بھائی حلف دے کر جھوٹ بولتے ہیں۔ نواز شریف کو تو سپریم کورٹ کے فل بنچ نے متفقہ طور پر جھوٹا قرار دیا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہ ہوتے تو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی ایف آئی آر درج ہونے دیتے اور غیر جانبدار جے آئی ٹی بننے دیتے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ ملک پر اتنا برا وقت کبھی نہیں آئے گا کہ کوئی کاذب اعلیٰ ملک کی باگ ڈور سنبھالے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کرپشن کی زندہ کہانی احد چیمہ کا لاک اپ میں ہونا ہے۔ احد چیمہ نے اتنے ثبوت دے دئیے ہیں کہ شہباز شریف کو کرپشن پر کئی بار سزا دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس لاہور کا منصوبہ شفاف ہوتا تو ایل ڈی اے پلازہ کو آگ نہ لگتی، میٹرو منصوبہ 70 ارب کا ہے۔ احتساب کے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے اسے کئی حصوں میں تقسیم کیا گیا۔
تبصرہ