وزارت داخلہ نااہل نواز شریف اور دیگر کے نام فی الفور ای سی ایل پر ڈالے: خرم نواز گنڈاپور
’’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا نیب کے خط پر تبصرہ
وزیراعظم نااہل کو اپنا وزیراعظم کہتے ہیں، وہ نیب کے اس حکم پر عملدرآمد نہیں ہونے دینگے
لاہور (14 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے نیب کی طرف سے شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے حوالے سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘ یہ خط اسی روز لکھا جانا چاہیے تھا جس دن سپریم کورٹ نے نواز شریف سمیت پورے خاندان کے خلاف کرپشن کے ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزارت داخلہ فی الفور نیب کے خط پر عملدرآمد کرتے ہوئے پورے ٹبر کے نام ای سی ایل پر ڈالے کیونکہ فروری کے آخری ہفتے میں نواز شریف خاندان کے خلاف کرپشن ریفرنسز میں فیصلے آ جائیں گے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ نواز شریف فیصلے آنے سے قبل ہی بمعہ اہل و عیال ملک سے بھاگ جائیں گے اور باقی زندگی الطاف حسین کی طرح ویڈیو لنک پر خطاب کرتے گزارنا پسند کریں گے۔ نیب نے بروقت خط لکھ کر اپنی آئینی، قومی ذمہ داریاں پوری کر دیں لہٰذا اب وزارت داخلہ ایک نااہل شخص کی تابعداری کی بجائے ریاست پاکستان اور اس کے آئین سے وفا کرتے ہوئے پورے ٹبر کے نام ای سی ایل پر ڈالے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم نااہل شخص کو اپنا وزیراعظم کہتے ہیں، اس بات کا امکان کم ہے کہ موجودہ حکومت نیب کے اس حکم پر عملدرآمد ہونے دے گی۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ ہم انتظار کررہے تھے کہ مریم بی بی کا ٹویٹ آئے گا کہ ’’اللہ نے عزت میں مزید اضافہ کر دیا‘‘۔ فرح ناز نے کہا کہ یہ اللہ کا انتقام ہے کہ اپنی ہی حکومت میں نااہل بھی ہوئے، ٹرائل بھی ہوئے اور نام بھی ای سی ایل میں ڈالے گئے، انشاء اللہ جیلوں میں جانے کے فیصلے بھی آئیں گے، ابھی یہ آغاز ہے، ابھی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے خون کا حساب باقی ہے۔
تبصرہ