شہباز حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن کا شاہکار ہے: عوامی تحریک پنجاب
54 سرکاری کمپنیوں کے بعد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں بھی
اربوں کی بے ضابطگیاں پکڑی گئیں
لوٹی دولت ریکور کرنا نیب کی آئینی، قانونی ذمہ داری ہے: بشارت جسپال
پنجاب میں 43 ہزار جعلی اسلحہ لائسنس کے اجراء کے سکینڈل کی بھی نیب تحقیقات کرے:
رہنما
لاہور (13 فروری 2018 ) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ شہباز حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن کا شاہکار ہے۔ جس منصوبہ پر نیب نوٹس لیتا ہے اس کا ریکارڈ جلا دیا جاتا ہے۔ 54 سرکاری کمپنیوں میں غبن کے بعد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بھی اربوں کی کرپشن پکڑی گئی ہے، جس میں 100 افسر ملوث ہیں۔ اس پر نیب کا نوٹس خوش آئند ہے۔ لوٹی دولت ریکور کرنا نیب کی آئنی ذمہ داری ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چوہدری، راجہ زاہد، راجہ ندیم و دیگر رہنماء موجود تھے۔
بشارت جسپال نے کہاکہ نیب کے نئے چیئر مین جسٹس(ر) جاوید اقبال درست سمت میں جا رہے ہیں، وہ اسی سپیڈ سے آگے بڑھتے رہے تو ساری کرپٹ مچھلیاں پکڑی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جعلی لائسنس کا اجراء بھی بہت بڑا سکینڈل ہے۔ شہباز دور حکومت کے ابتدائی 4 سالوں میں 43 ہزار سے زائد جعلی اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے اس سے نہ صرف کروڑوں روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچا بلکہ یہ اسلحہ لائسنس جرائم پیشہ عناصر کو جاری کئے گئے۔ اس سکینڈل میں عملہ ملوث ہے جسے سیاسی سرپرستی حاصل تھی۔ یہ جعلی اسلحہ لائسنس ایک ایسے موقع پر جاری کئے گئے جب پاکستان آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد میں مصروف تھا۔ نیب اس سکینڈل کی بھی تحقیقات کرے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک سنٹرل پنجاب قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم کے مطابق تنظیم سازی اور رکنیت سازی کیلئے بڑے شہروں میں کیمپ لگائے گی۔
تبصرہ