کاغذات کا مسترد ہونا کافی نہیں، جعل سازی پر سزا ہونی چاہیے: عوامی تحریک
کیلبری فونٹ کی جعل سازی پر سزا ہو جاتی تو جعلی دستخط والے کاغذات جمع نہ ہوتے
کیا وزیراعظم اپنے جعل ساز وزیر خزانہ کے خلاف کوئی کارروائی کرینگے: نور اللہ صدیقی
لاہور (12 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے جعلی دستخط کرنے پر کاغذات نامزدگی مسترد ہونا انتہائی شرمناک ہے، جعل سازی کرنیوالے کس قسم کے سیاسی کلچر کو پروموٹ کر رہے ہیں؟ کیا وزیر اعظم جعل سازی کرنے والے وزیر خزانہ کے خلاف کوئی کارروائی کرینگے؟ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں کیلبری فونٹ والی جعلی دستاویزات پیش کر کے جرم کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے موقع پر سزا سنانے کی بجائے درگزر سے کام لیتے ہوئے معاملہ احتساب عدالت کے سپرد کر دیا۔ اب پھر اسی خاندان کے ایک’’معزز‘‘ ممبر نے الیکشن کمشن میں جعلی دستخط والے کاغذات جمع کرا دئیے۔ انہوں نے کہا کہ عادی ملزمان جانتے ہیں کہ انہیں کسی قسم کی جعل سازی پر کوئی سزا نہیں ملے گی اس لئے وہ ایک ہی جرم بار بار دہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعل ساز کو سزا بھی ہونی چاہیے۔ کیلبری فونٹ کی جعل سازی پر سزا ہو جاتی تو جعلی دستخط والے کا غذات جمع نہ ہوتے۔
تبصرہ