حکمران یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن غیر ملکی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر بند کر رہے ہیں: نور اللہ صدیقی
حکومت غریب عوام کی سستی اشیاء کے واحد ذریعہ یوٹیلٹی سٹورز
کارپویشن کے بقایا جات ادا کرے
یوٹیلٹی سٹور ملازمین سے محاذ آرائی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کے سوا کچھ نہیں:
مرکزی سیکرٹری اطلاعات
![](https://minhaj.net/images-db10/2018/Noorullaha-Siddique.jpg)
لاہور (6 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقات کی آخری امید یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو نواز حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت دیوالیہ کروایا۔ حکومت کو سالانہ 8 ارب ٹیکس ادا کرنے والی یہ کارپوریشن نواز حکومت نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں، غریب اور کم آمدنی والے شہریوں کو سستی خوراک مہیا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل مہیا کرتی ہیں مگر نواز حکومت نے غریب دشمنی میں یوٹیلٹی سٹوروں کو سبسڈی دینے کا حکم دیا اور پھر سبسڈی کی رقم دینے سے انکار کر کے انہیں دیوالیہ کر دیا۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورکارپوریشن سے 15 ہزار ملازمین کا روزگار وابستہ ہے۔ سٹوروں کی بندش سے ہزاروں خاندان فاقوں کی دہلیز پر آ جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت غریب عوام کی سستی اشیاء کا واحد ذریعہ یوٹیلٹی سٹورز کارپویشن کے بقایا جات ادا کرے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان سے ہزاروں افراد کا رزق وابستہ ہے۔ حکمرانوں نے ملازمین اور ادارے کے مستقبل پرتلوار لٹکا رکھی ہے ۔ پاکستان عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ یوٹیلٹی سٹور ملازمین کو ریگرلر کیا جائے اور انکے بقایا جات فوری ادا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ، ملک حالت جنگ میں ہے ایسے حالات میں یوٹیلٹی سٹور ملازمین سے محاذ آرائی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کے سوا کچھ نہیں۔ حکمران اس مسئلے کا فوری اور سنجیدہ حل تلاش کریں۔
پاکستان عوامی تحریک یوٹیلٹی سٹورز کے غریب ملازمین کے جائز مطالبات کی عملی حمایت کرتی رہے گی۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عوامی تحریک کے کارکنوں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا سبق اور تربیت دی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کے غریب ملازمین کے مطالبات جائز ہیں، عوامی تحریک ہر سطح پر جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔
تبصرہ